متاثرہ علاقوں میں صحافیوں کا کردار قابل تعریف ہے، سعدیہ کمال۔۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کی صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال نے کہا ہے کہ وادی ستلج اس وقت شدید ترین سیلاب کی زد میں ہے۔ہر آنے والا دن نئی مصیبت اور مشکلات لے کر آرہا ہے۔ایسے وقت میں شعبہ صحافت سے وابستہ افراد کا کردار انتہائی متاثر کن ہے۔انہوں نے کہاکہ سیلابی علاقوں میں جاکر صحافی، کیمرہ مین اور فوٹو گرافر کوریج کے ساتھ ساتھ ریسکیو کے کاموں کے حوالے سے بھی معلومات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ وہ بہاولپور پریس کلب میں بہاولپور یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے عہدیداروں ، ممبران اور صحافیوں سے گفتگو کررہی تھیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ آر آئی یو جے (ورکرز) کے جنرل سیکریٹری حمید اللہ عابد اور دیگر بھی موجو دتھے۔ بہاولپور یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے عہدیداروں اور صحافیوں بقاالمحسن، اکرم ناصر راشد ہاشمی،ڈاکٹر رضوان اشرف، انور گریوال،راجہ شفقت محمود، ملک امتیاز چنڑ، ملک اجمل جوئیہ نے ان کا شاندار استقبال کیا اور انہیں بہاولپور اور اس کی تحصیلوں میں سیلابی صورتحال اور طوفانی بارشوں سے ہونیو الے نقصانات کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس دوران صحافیوں کوریج کیلئے درپیش مشکلات کے بارے میں بھی بتایا۔ پی ایف یو جے (ورکرز) کی مرکزی صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال نے مزید کہاکہ صحافیوں کی اہمیت سے کبھی انکار نہیں کیا جاسکتا، ان کی حیثیت معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی سی ہے ، صحافت کو ملک کا چوتھا ستون اس لئے کہا جاتا ہے کہ وہ معاشرے میں ہونے والے مظالم ، ناانصافیوں ، حق تلفیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی سمیت دیگر بنیادی مسائل کو نہ صرف حکمرانوں تک پہنچاتے ہیں بلکہ عوام کی آواز بن کر انہیں حل کرانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اب جبکہ ملک بھر میں سیلابی صورتحال اور بارش نے تباہی مچائی ہے ایسے میں بھی متاثرہ علاقوں کے صحافیوں کا کردار انتہائی قابل تعریف ہے۔ انہوںنے حکومت اور خاص طورپر وزیر اطلاعات سے مطالبہ کیا کہ بہاولپور سمیت دیگر اضلاع کے صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں ، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے متعلق صحافیوں کی تربیت کا سرکاری سطح پر انتظام کیا جائے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں