اداکارہ ماہرہ خان نے اداکاری میں شہرت حاصل کرنے کے بعد مستقبل میں سیاست میں قدم رکھنے یا نہ رکھنے سے متعلق پہلی بار کھل کر گفتگو کی ہے۔ماہرہ خان نے ’ہم نیوز‘ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں اداکارہ نے ایک بار پھر شاہ رخ خان کی تعریفیں کیں اور کہا کہ ان کا بھارت میں کام کرنے کا تجربہ اچھا رہا۔انہوں نے کہا کہ وہ شاہ رخ خان کے حوالے سے تقریبا تمام باتیں کر چکی ہیں اور جو باتیں انہوں نے نہیں کیں، وہ ان کی ذاتی باتیں ہیں، وہ کبھی میڈیا پر شیئر نہیں کریں گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی 2025 میں ہونے والی مختصر جنگ کے وقت اپنے ملک کے لیے بولنا نہ صرف ان کا فرض تھا بلکہ ان کا جذبہ بھی یہی تھا۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ممکن ہے کہ ان کی حب الوطنی کی باتیں بھارتی مداحوں کو بری لگی ہوں گی لیکن اس سے ان کا کوئی تعلق نہیں، اپنے ملک پر کوئی سمجھوتا نہیں۔ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ جس طرح بھارتیوں کے لیے اپنا ملک اہم ہے، اسی طرح ان کے لیے بھی اپنا ملک سب سے بڑھ کر ہے، اسی وجہ سے انہوں نے جنگ کے دنوں میں کھل کر اپنے ملک کی حمایت کی اور حب الوطنی کا اظہار کیا۔سیاست میں قدم رکھنے سے متعلق سوال پر اداکارہ نے کہا کہ ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں، ان سے سیاست نہیں ہوگی۔ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ وہ سیاست کے لیے نہیں بنیں، نہ ان کے خیالات ایسے ہیں، نہ وہ دوسروں کی طرح ہیں، ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔اداکارہ کے مطابق انہیں نہیں لگتا کہ وہ سیاست کے لیے ہیں یا سیاست ان کے لیے ہے، وہ اپنی دنیا میں خوش ہیں۔
