سپر اسٹار اداکارہ ماہرہ خان نے پانچ سال بعد اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈراما نگار خلیل الرحمٰن قمر کے خلاف ان کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ ان کی غلطی تھی۔ماہرہ خان نے مارچ 2020 میں خلیل الرحمٰن قمر کے خلاف سخت ٹوئٹ کرتے ہوئے انہیں سماجی رہنما ماروی سرمد کو ٹی وی اسکرین پر گالیاں دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔مارچ 2020 میں ڈراما ساز نے ایک ٹی وی شو میں سماجی رہنما ماروی سرمد کے خلاف نامناسب زبان کا استعمال کیا تھا، جس پر ڈراما ساز کو دیگر شخصیات نے بھی آڑے ہاتھوں لیا تھا۔خلیل الرحمٰن قمر کی بات پر ماہرہ خان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ وہ ٹی وی اسکرین پر عورتوں کی تضحیک کرنے والے شخص کی جانب سے ماروی سرمد کے لیے کہے گئے الفاظ پر حیران ہیں۔اداکارہ نے ڈراما نگار کے نام کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ وہی شخص ہیں، جنہیں عورتوں کی تضحیک کے بعد ایک کے بعد ایک منصوبہ دیا جاتا ہے۔ماہرہ خان کی اسی ٹوئٹ پر خلیل الرحمٰن قمر گزشتہ پانچ سال سے متعدد بار اداکارہ کے خلاف بات کر چکے ہیں اور کہہ چکےہیں کہ وہ ماہرہ خان کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ڈراما ساز نے یہ بھی کہا تھا کہ اب وہ کبھی ماہرہ خان کے ساتھ کام نہیں کریں گے، نہ ہی انہیں ان کی غلطی معاف کریں گے۔اور اب پہلی بار ماہرہ خان نے ڈراما ساز کے خلاف کی گئی ٹوئٹ پر اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا۔اداکارہ نے حال ہی میں احمد بٹ کے پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ خلیل الرحمٰن قمر کے خلاف ٹوئٹ کرنے پر وہ غلط تھیں، وہ ٹوئٹ کرنے کے بجائے ڈراما ساز کو فون کرکے شکایت کرتیں تو بہتر تھا۔ماہرہ خان کے مطابق وہ سوشل میڈیا پر اپنی رائے کا اظہار کرنے کے بجائے خلیل الرحمٰن قمر کو براہ راست فون کرکے کہتیں، مذکورہ معاملے پر وہ غلط تھیں اور ڈراما ساز صحیح تھے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں اپنی والدہ نے بھی سمجھایا کہ وہ ایکس پر ٹوئٹ کرنے کے بجائے خلیل الرحمٰن قمر کو کال کرکے اپنا شکوہ ریکارڈ کرواتیں۔اگرچہ ماہرہ خان نے خلیل الرحمٰن قمر کے خلاف ٹوئٹ کرنے پر اپنی غلطی کا اعتراف کیا، تاہم انہوں نے ڈراما ساز سے معافی نہیں مانگی۔
ماہرہ خان نے غلطی مان لی معافی نہیں مانگی۔۔
Facebook Comments
