لاہور پریس کلب کا اجلاس عام اور گورننگ باڈی اجلاس منعقد ہوا جس میں سال 2026 ءکے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا گیااور سالانہ مالیاتی حسابات کی منظوری دی گئی جس کے مطابق انتخابات 25 جنوری بروز اتوار کو لاہور پریس کلب میں منعقد ہوں گے۔ اجلاس عام میں گورننگ باڈی ممبران اور کونسل ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اجلاس کی صدارت صدر ارشد انصاری نے کی۔اجلاس عام میں آ ئندہ سال کے انتخابات کی تاریخ کی منظوری دی گئی جبکہ فنانس سیکرٹری سالک نواز نے سالانہ مالیاتی حسابات پیش کئے گئے جس کی اجلاس عام میں منظوری دی گئی۔اجلاس میں صدر ارشد انصاری نے کہا کہ ممبران کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا ہے، ایف بلاک کے رکے ہوئے کام ہوئے ہیں جبکہ فیز ٹو کے لئے بھی اہم مرحلہ طے کر لیا گیا ہے اور جلد ہی قرعہ اندازی بھی کر لیں گے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں سب کے لئے میدان موجود ہے اس میں پھرپور حصہ لیں گے باقی فیصلہ ووٹر ز دیں گے۔گورننگ باڈی اجلاس میں خواتین کی مخصوص نشست پر تین بار انتخاب میں حصہ لینے والی خواتین کو انتخاب نہ لڑنے کی قدغن پر خواتین ممبران کی جانب سے دی گئی درخواست پر بھی غور کیا گیا جس میں متفقہ طے پایا کہ اب اس آئینی شق میں ترمیم کا وقت نہیں ہے اس لئے آئندہ گورننگ باڈی اس پر غور کر کے مناسب فیصلے کرلے۔ اجلاس میں خواتین کونسل ممبران نے ذاتی طور پر بھی اس شق پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا جسے گورننگ باڈی نے سنا۔گورننگ باڈی اجلاس میں لائف ممبرز کے ناموں کی منظوری دی گئی اور ممبر شپ بحالی کی درخواستوں پر بھی فیصلہ ہوا۔
