عالمی یوم صحافت پر اپنے بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صحافت اور صحافیوں پر کڑی پابندیاں عائد ہیں، فلسطین، مقبوضہ کشمیر میں بربریت کے خلاف آواز بلند کرنے والے میڈیا ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، 9 لاکھ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کو بندوق کے زور پر کچل رہی ہے۔وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ بدعنوانی کے خاتمے اور پسماندہ طبقوں کیلئے آواز بلند کرنےمیں میڈیا کا اہم کردار ہے، فیک نیوز کے خاتمے کیلئے میڈیا کے ساتھ مل کر قوانین تیار کیے ہیں، اہلِ صحافت کی مشاورت، تعاون اور تائید سے اصلاحات کا عمل جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ آزادی اظہار رائے کیلئے اہل صحافت کے ساتھ مل کر جدوجہد کی ہے، صحافت کے ذریعے حقائق، اخلاقیات اور عوامی فلاح ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، حکومت نے صحافیوں کےحقوق، تنخواہوں کی ادائیگی اور میڈیا ورکرز کے مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کیا ہے، قوانین کی بہتری سے صحافت کی آزادی اوردرست معلومات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ ہمارا ذمہ دار میڈیا قومی، عوامی مفادات کے تحفظ کی کاوشوں کی حمایت کرتا رہے گا، دنیا کو حقائق کی فراہمی کی جدوجہد میں صحافیوں کی قربانیاں تاریخ کا سنہری باب ہیں اور پاکستان کا آئین آزادی اظہار رائے کا ضامن ہے۔

قوانین کی بہتری سے صحافتی کی آزادی کو یقینی بنایاگیا، شہبازشریف۔۔
Facebook Comments