میٹا جو کہ فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ جیسے پلیٹ فارمز کی مالک کمپنی ہے نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے 2026 کے اختتام تک اپنے اشتہاراتی نظام کو مکمل طور پر خودکار بنانے کا ہدف طے کرلیا۔میٹا کمپنیز اور برانڈز کے اشتہارات بنانے کے لیے نیا اے آئی ایڈورٹائزنگ پلیٹ فارم یا ٹول متعارف کرائے گا۔عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق میٹا کے اس نئے پلیٹ فارم پر کاروباری افراد یا برانڈز صرف اپنی مصنوعات کی تصاویر، ویڈیوز اور بجٹ فراہم کریں گے، باقی تمام کام اے آئی انجام دے گا۔یعنی اشتہار خود بخود تیار ہوگا، اس کا مواد اے آئی تخلیق کرے گا اور مطلوبہ صارفین کو ہدف بناکر اسے سوشل میڈیا پر دکھایا جائے گا۔میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ ہم ایسا اے آئی پلیٹ فارم بنارہے ہیں جہاں کوئی بھی بزنس صرف اپنا مقصد اور بجٹ بتائے پھر باقی کا سارا کام اے آئی سنبھالے گی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی چھوٹے کاروباروں کے لیے خاص طور پر مددگار ہوگی، جو محدود وسائل کے ساتھ بھی مؤثر مارکیٹنگ کرسکیں گے۔یہ پلیٹ فارم صارفین کی دلچسپی اور رویے کی بنیاد پر اشتہارات کو مخصوص افراد تک پہنچائے گا اور انھیں اپنے بجٹ کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے کے لیے مشورے بھی دے گا۔ ۔
