ٹک ٹاکر و ٹی وی میزبان سجل ملک نے کہا ہے کہ ان سے منسوب وائرل ہونے والی فحش ویڈیوز ان کی نہیں جب کہ انہوں نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں رپورٹ درج کرادی۔سجل ملک معروف ٹک ٹاکر ہیں اور لاہور کے مقامی ٹی وی چینل پر روڈ شو بھی کرتی رہی ہیں۔سجل ملک کو روڈ شو کرنے سے کافی شہرت ملی ۔گزشتہ چند روز سے سجل ملک کا نام مختلف سوشل ویب سائٹس اور انٹرنیٹ پر ٹرینڈنگ میں تھا، ان کے نام سے منسوب فحش ویڈیوز بھی وائرل ہو رہی ہیں۔ایسے میں سجل ملک نے ’اردو پوائنٹ‘ سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے نام سے منسوب وائرل فحش ویڈیوز ان کی نہیں، تاہم اس باوجود ان کا نام خراب کرنے اور انہیں بدنام کرنے کی وجہ سے انہوں نے ایف آئی اے میں شکایت درج کروادی۔اردو پوائنٹ نے دعویٰ کیا کہ سجل ملک نے ان سے بات کی اور وہ جعلی فحش ویڈیوز کے وائرل ہونے پر شدید ذہنی پریشانی کا شکار بھی ہیں۔جب سجل ملک سے پوچھا گیا کہ انہوں نے بدنام کرنے والوں کو کوئی قانونی نوٹس بھیجا ہے تو اس پر ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے کوئی غلط کام ہی نہیں کیا تو وہ کیوں سامنے آئیں؟۔سجل ملک نے میڈیا اور سوشل میڈیا کی جانب سے ان کے نام سے پھیلائی گئی جعلی ویڈیوز سے متعلق خبریں شائع کرنے پر بھی اظہار مایوسی کیا۔سجل ملک نے میڈیا سے التجا کی کہ وہ پھیلنے والی جعلی ویڈیوز کو ان کے نام سے منسوب نہ کریں، خبر شائع کرنے سے قبل تصدیق کریں۔خیال رہے کہ ایک روز قبل اداکارہ و ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے بھی کہا تھا کہ ان کے نام سے منسوب وائرل ہونے والی فحش ویڈیوز ان کی نہیں، جعلی ہیں، جنہیں آرٹفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سے بنایا گیا۔سامعہ حجاب اور سجل ملک سے قبل گزشتہ برس مناہل ملک، متھیرا اور امشا رحمٰن کی بھی مبینہ نامناسب ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں۔