پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے عیدالفطر کی طرح عید الاضحی کے موقع پر بھی بعض میڈیا مالکان کی طرف سے تنخواہ کی ادائیگی میں تاخیری حربے اختیار کرنے پر شدید حیرت اور غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید پر بھی تنخواہیں نہ دینے والے میڈیا مالکان درحقیقت کسی مالی بحران کا شکار نہیں بلکہ وہ بدترین ڈھٹائی کا شکار ہیں اور میڈیا کارکنوں کے معاشی حقوق اور تنخواہیں لوٹ مار کر رہے ہیں ۔ایسے چور میڈیا مالکان کا پی یوجے سخت احتساب کرئے گی اور ان کے اداروں کا گھیراؤ کرئے گی۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف ۔ جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ، سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی ،نائب صدر ندیم زعیم ،جوائنٹ سیکرٹری شیر علی خالطی ، مدثر حسین تتلہ ،خزانچی نسیم قریشی اور ایگزیکٹو کونسل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اب عید میں دو دن باقی ہیں لیکن کچھ ادارے ایسے ہیں جہاں ابھی تک تنخواہ کی ادائیگی نہیں ہو سکی جو افسوس ناک بھی ہے اور قابل مذمت بھی ہے۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف کا کہنا تھا کہ عید الفطر سے قبل جنگ گروپ میں ملازمین میں آدھی تنخواہ دی گئی تھی جس پر پی یوجے کی قیادت نے جنگ گروپ کی انتظامیہ کے خلاف شرم حیاء کے بینرز آویزاں کیے تھے جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ عید سے قبل یہاں دو تنخواہیں ادا کی گئیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اب پھر عید الفطر کے بعد سے جنگ گروپ میں تنخواہوں کی ادائیگی تعطل کا شکار ہیں اور اس بار بھی کچھ ملازمین کو آدھی تنخواہ دی گئی ہے جو جنگ گروپ کی انتظامیہ کی ورکرز دشمنی کی عکاس ہے اور ملازمین کا حق دبانے کی سنگین کوشش ہے ۔نعیم حنیف نے چینل 365 میں پچاس ہزار سے اوپر والے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ پی یوجے کے صدر کا کہنا تھا کہ چینل 365 میں تنخواہیں تاخیر کا شکار ہونا خوفناک بھی ہے اور شرمناک بھی ۔پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے وزیر اطلاعات عظمی بخاری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق تنخواہیں نہ دینے والے میڈیا مالکان کی لسٹ مرتب کریں اور ان کے اشتہارات کے واجبات کی ادائیگی روکی جائے ۔ پی یوجے کی قیادت نے خبردار کیا کہ اس وقت روزنامہ خبریں۔ نوائے وقت ۔ ڈیلی ٹائمز سمیت کئی ادارے ہیں جہاں ملازمین کے بقایاجات اور تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں ۔پنجاب حکومت ایسے میڈیا مالکان کا کڑا احتساب کرئے اور ان کے اشتہارات بھی روکے جائیں۔ پی یوجے نے پنجاب حکومت کو ایسے میڈیا مالکان کی لسٹ بھی مرتب کر کے دینے کا اعلان کیا ہے۔
