عالمی شہرت یافتہ صحافی چاند نواب پر تشدد ،ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ۔۔

کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری سہیل افضل خان اور مجلسِ عاملہ نے ممتاز صحافی اور کراچی پریس کلب کے سینئر ممبر چاند نواب کے ساتھ چند شرپسند عناصر کی جانب سے بدتمیزی کے واقعے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ کراچی پریس کلب کی جانب سے جاری بیان میں پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ ایک سینئر اور فیمس صحافی کے ساتھ ایسا رویہ نہ صرف افسوس ناک ہے بلکہ آزادی صحافت پر حملے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے دوران پہلے ہی کئی طرح کے دباؤ اور خطرات کا سامنا کرتی ہے، ایسے واقعات ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر بے نقاب کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں کسی بھی صحافی کو اس قسم کے رویے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ چاند نواب ایک معتبر نام ہیں جنہوں نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور صحافت کے معیار کو بلند کرنے کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ایسے افراد کو ہراساں کرنا دراصل آزادی اظہار رائے پر قدغن لگانے کی کوشش ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔پریس کلب کی جانب سے اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ صحافیوں کی عزت و وقار کا تحفظ ریاست اور اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اگر صحافیوں کو اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران تحفظ نہ ملا تو نہ صرف میڈیا متاثر ہوگا بلکہ جمہوری اقدار کو بھی نقصان پہنچے گا۔ فاضل جمیلی اور سہیل افضل خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی پریس کلب ہمیشہ اپنے اراکین اور ملک بھر کے صحافیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں