صحت کی سہولیات،پریس کلب اور  لیاقت نیشنل اسپتال کے درمیان تعاون پر اتفاق۔۔

لیاقت نیشنل اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان فریدی نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب کے اراکین اور ان کے اہل خانہ کے لئے سستے علاج کی سہولیات، کراچی پریس کلب میں ماہر اور تجربہ کار ڈاکٹرز کی دستیابی کے ساتھ میڈیکل کیمپس اور ہیلتھ رپورٹرز کے لئے سرٹیفیکیٹ کورس کے انعقاد کے لئے اقدامات کریں گے۔ وہ ہیلتھ کمیٹی کی دعوت پر کراچی پریس کلب تشریف لائے اور مجلس عاملہ اور ہیلتھ کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری سہیل افضل خان، جوائنٹ سیکریٹری خواجہ محمد منصف ، ہیلتھ کمیٹی کے سیکریٹری حامد الرحمٰن ، سنیئر ہیلتھ رپورٹر طفیل، اسسٹنٹ میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر صالحہ شہزاد اور ہیڈ آف پریس اینڈ میڈیا امجد رضوی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ڈاکٹر سلمان فریدی نے کہا کہ وہ زمانہ طالبعلمی میں کراچی پریس کلب آیا کرتے تھے، انہوں نے کراچی پریس کلب کو جمہوریت اور آزادی صحافت کا علمبردار قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے، یہ ادارہ نہ صرف آزادی صحافت کا علمبردار ہے بلکہ سماجی و انسانی بھلائی کے کاموں میں بھی پیش پیش رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں سچ اور جھوٹ کی تمیز کو ختم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، سوشل میڈیا پر جھوٹ پھیلایاجاتا ہے، ایسے میں صحافیوں کو چاہیے کہ وہ لوگوں کو شعور دیں، انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ لیاقت نیشنل اسپتال اور کراچی پریس کلب کے درمیان ایک مضبوط تعاون ہو تاکہ ہم علاج معالجہ و صحت سے متعلق آگاہی مہمات کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچا سکیں۔کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے ڈاکٹر سلمان فریدی اور ان کی ٹیم کو کراچی پریس کلب میں خوش آمدید کہا، ان کا کہنا تھا کہ کراچی پریس کلب صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کی صحت سے متعلق اقدامات اٹھا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پریس کلب نہ صرف آزادی صحافت کا علمبردار ہے بلکہ جمہوری روایات کا بھی امین ادارہ ہے۔ ہم صحافی برادری کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتے ہیں اور اراکین کے لیے صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔سیکریٹری کراچی پریس کلب سہیل افضل خان نے کہا کہ بہت سے میڈیا ادارے صحافیوں کو بروقت تنخواہیں اور واجبات ادا نہیں کرتے جس کے باعث صحافی مشکلات سے دوچار ہیں۔ ایسے مشکل حالات میں کراچی پریس کلب اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے اراکین کے لیے صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں