گھوٹکی کی تحصیل میرپور ماتھیلو میں صحافی طفیل رند کے قتل کا مقدمہ میرپورماتھیلو تھانے میں درج کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق مقدمے میں 2 نامعلوم اور 8 افراد کو نامزد کیا گیا، صحافی کے قتل کے الزام میں زیرِ حراست 2 افراد سے تفتیش جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ صحافی طفیل رند کو گزشتہ روز میرپور ماتھیلو میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔اس حوالے سے ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ صحافی طفیل رند کا قتل پلاٹ کے تنازع کی کڑی ہے، تمام ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔دریں اثنا ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی، ایم کیو ایم پاکستان طحہٰ احمد خان اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے میر پور ماتھیلو کے جنرل سیکریٹری طفیل رند کے المناک قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت اور پولیس کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مقتول صحافی کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ انہوں نے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طفیل رند کے قتل نے پاکستان بھر کی صحافتی برادری کو غم و غصے میں مبتلا کر دیا ہے۔علاوہ ازیں کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) کے صدر اعجاز احمد، جنرل سیکریٹری لبنیٰ جرار نقوی، نائب صدور محمد ناصر شریف، راہب گاہو، خازن یاسر محمود، جوائنٹ سیکریٹریز طلحہٰ ہاشمی، روبینہ یاسمین اور مجلس عاملہ کے اراکین نے ضلع گھوٹکی میں میرپور ماتھیلو پریس کلب کے جنرل سیکریٹری طفیل رند اوران کی بھتیجی کے سفاکانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ صحافی برادری میں شدید خوف و ہراس کا باعث بن گیا ہے۔ انہوں نے ارباب اختیار سے واقعے کی تحقیقات کرکے ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔دریں اثناء انہوں نے کے یو جے کے رکن سینئر صحافی طفیل احمد کے بہنوئی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
صحافی کے قتل کا مقدمہ درج، پلاٹ کا تنازع تھا، پولیس۔۔۔
Facebook Comments
