سینئر صحافی ظفر نقوی کے بیٹے اور رشتہ داروں سے ناکے پر چیکنگ کے نام پر پیسے بٹورنے والے اہلکاروں کی شناخت پریڈ ہوگئی، ایس ایس پی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ کالی بھیڑوں کو نہیں چھوڑیں گے۔۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی ظفر نقوی نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر لکھا ہے کہ۔ ابھی ابھی ایس ایس پی آپریشن اسلام آباد پولیس قاضی علی رضا صاحب کے آفس سے آ رہا ہوں، بیٹے کو ساتھ لے کر گیا تھا، ایس ایس پی نے ناکے والوں کو بلایا تھا، بیٹے نے دو سیکنڈ سے پہلے ان دونوں جوانوں کو پہچان لیا جنہوں نے اس دن گاڑی سے چرس برآمد کرنے کا ڈرامہ کیا تھا اور پیسے بٹورے تھے، ایس ایس پی آپریشن نے خود بھی ان کا انٹرویو کیا اور ہمارے سامنے بولا کہ بس سب کچھ کلیئر ہو گیا ہے، ہم ان کالی بھیڑوں کو نہیں چھوڑیں گے، میں پوری ٹائم لائن کل سے اس لئے بتا رہا ہوں تاکہ یہ ریکارڈ رہے، ان دونوں پولیس کے جوانوں کے نام مجھے معلوم ہیں آج بھی ان کے سینے پرناموں کے بیجز بھی لگے تھے لیکن میں ابھی ان کے نام ظاہر کر کے کسی غیرذمہ دارانہ فعل کا ارتکاب نہیں کرنا چاہتا، لیکن کالی بھیڑوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے تاکہ کل کو کوئی اور اس کی بھینٹ نہ چڑھے، میں امید کرتا ہوں قانون کیمطابق ان کالی بھیڑوں کیخلاف کارروائی ہو گی، میں انتظار کروں گا، اسلام آباد کے پولیس افسران سے مجھے ابھی تک اچھے کی امید ہے۔۔
