راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) کے صدر طارق علی ورک، قائم مقام جنرل سیکرٹری گلزار خان، فنانس سیکرٹری ندیم چوہدری اور مجلس عاملہ کے تمام اراکین نے صحافی نادر بلوچ کو این سی سی آئی اے کی جانب سے نوٹس بھیجنے کی مذمت کی ہے۔ یونین رہنماؤں کا کہنا ہے کہ صحافیوں کو ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے پر ہراساں کرنا آزادی صحافت پر براہ راست حملہ ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ آر آئی یو جے کے عہدیداران نے مطالبہ کیا کہ نادر بلوچ کو جاری کیا گیا نوٹس فوری طور پر واپس لیا جائے اور صحافیوں کے خلاف اس قسم کے اقدامات سے گریز کیا جائے۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ اگر صحافیوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند نہ ہوا تو راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی اور احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ یونین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزادی صحافت، صحافیوں کے وقار اور ان کے آئینی حقوق کے دفاع کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
صحافی نادربلوچ کو جاری نوٹس واپس لیا جائے، آر آئی یوجے۔۔
Facebook Comments
