پنجاب یونین آف جرنلسٹس (پی یو جے) نے ملک بھر میں ریاستی جبر کی بدترین مثالیں قائم کرتے ہوئےپیکا اور دیگر کالے قوانین کے تحت ملک بھر میں رونما ہونے والے متعدد واقعات میں وحید مراد سمیت صحافیوں کی گرفتاریوں ، انکے خلاف مقدمات کے اندراج ، چادر اور چار دیواری کی پامالی اور انہیں ڈرانے دھمکانے کی مذموم کو ششوں کی سخت مذمت کی ہے ۔پی یو جے نے واضح کیا ہے کہ حکومت اور ریاستی ادارے صحافی برادری کے خلاف اپنی فاشزم فی الفور بند کریں ورنہ صحافی برادری کے سخت ردعمل کے لیے تیار ہوجائیں۔۔اپنے ایک بیان میں پی یو جے کے صدر منصور ملک، سینئر نائب صدر ظہیر شیخ، نائب صدر ممتاز سلیم لنگا، جنرل سیکرٹری عامر ملک، سینئر جوائنٹ سیکرٹری سید آفاق علی زیدی، جوائنٹ سیکرٹری علی جعفری، خزانچی وقاص خلیل اور اراکین مجلس عاملہ نے کہا کہ یہ انتہائی قابل مذمت عمل ہے کہ جہاں ایک جانب صحافی احمد نورانی کے گھر کی چادر اور چاردیواری کو پامال کیا گیا وہیں اب صحافی وحید مراد کی گرفتاری اہل صحافت کو پابند سلاسل کرنے کی ایک اور مذموم کوشش ہے پی یو جے نے بھکر کلورکوٹ کے صحافی زاہد شریف رانا پر بھکر پولیس کی طرف سے ایک ہفتہ میں پیکا کے تحت دو مقدمات کے اندراج کی بھی مذمت کی ۔ پی یو جے نے کہا کہ اس عمل نے صحافیوں اور صحافتی تنظیموں کے خدشات کو درست ثابت کردیا۔ پیکا جیسے کالے قانون کو انتقامی ہتھیار کے طور پر استعمال شروع کردیا گیا۔کلورکوٹ ضلع بھکر کے صحافی زاہد شریف رانا کے خلاف یکے بعد دو مقدمات کے اندراج کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کالا قانون فی الفور واپس لیا جائے اور صحافی زاہد شریف رانا کے خلاف جھوٹے مقدمات فوری خارج کئے جائیں۔ پی یو جے نے ڈپٹی سیکرٹری سی ایم آفس پنجاب ظفر نقوی کے بھائی کی جانب سے دی نیشن کے رپورٹر سید برکت مجتبیٰ کو فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران گالی گلوچ ، غنڈہ گردی کرنے اور سنگین نتاٸج کی دھمکیاں دینے کے بھی سخت مذمت کی اور حکومت سے مذکورہ سرکاری افسر کے خلاف تادیبی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پی یو جے کا کہنا موجودہ دور حکومت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ صحافیوں کے لیے فرائض منصبی کی ادائیگی جوئے شیر لانے کے مترادف بنتا جا رہا ہے ۔ وفاقی حکومت ہو یا پنجاب حکومت دونوں کی جانب سےآزادیٍ صحافت پر پابندیاں اور جبر بڑھتا ہی جارہا ہے ۔صورت حال کی سنگینی کا اندازہ اس امر سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ اب تو عام سرکاری افسران بھی صحافیوں کو دھمکانے اور ان کے ساتھ غنڈہ گردی کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ایسے میں آئےروز صحافیوں کے خلاف مقدمات کا اندراج دگرگوں صورت حال کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔پی یو جے نے وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے غیر قانونی اقدامات میں ملوث سرکاری افسران کا قبلہ درست کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔