صحافی آج بھی آزادی صحافت کی جنگ لڑنے کیلئے پرعزم۔۔

 پاکستان کے صحافی نہ پہلے آزاد تھے اور نہ اب آزادی صحافت ہے ۔ مگر صحافی آج بھی اپنی جدوجہد سے آزادی صحافت کی جنگ لڑنے کے لئے پر عزم ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار پی ایف ہوجے کے سیکرٹری جنرل ارشد انصاری ۔ سینئر صحافی خاور نعیم ہاشمی ، پی یوجے کے صدر نعیم حنیف ،جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی انسانی حقوق کمیشن پاکستان کے نائب صدر راجہ اشرف ، بابا نجمی اور لارڈ ایم کے پاشا نے  لاہور پریس کلب میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا ۔ پی ایف ہوجے کی کال پر  13 مئی 1978 کو کوڑے کھانے والے صحافیوں خاور نعیم ہاشمی ،ناصر زیدی  اور اقبال جعفری اور مسعود اللہ خان کی یاد میں منعقدہ “یوم عزم ” کی تقریب کا اہتمام پنجاب یونین آف جرنلسٹس اور لاہور پریس کلب نے کیا۔ اس موقع پر  خاور نعیم ہاشمی نے خصوصی طور پر شرکت کی اور آمر جنرل ضیاء الحق کے دور میں صحافیوں کی جدوجہد پر تفصیلی گفتگو کی۔ پی ایف ہوجے کے سیکرٹری جنرل اور لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کہا کہ پاکستان بھر کے صحافی آج بھی آزادی صحافت کی جدوجہد کے لئے پرعزم ہیں  ہم اپنے سینیئرز کی آزادی صحافت کے لئے جدوجہد اور قربانیوں کو نہ بھولے ہیں اور بھولنے دیں گے۔ اسی لئے اب    آئندہ سال سے پی ایف یو جے ملک بھر میں خاور نعیم ہاشمی ،ناصر زیدی ، اقبال جعفری اور مسعود اللہ خان کی  جدوجہد کی یاد میں ہر سال  ایوارڈ دے گی۔ ارشد انصاری  نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیکا کا کالا قانون ختم کرئے ورنہ پی ایف ہوجے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تحت  تحریک چلائے گی۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف نے کہا کہ صحافیوں نے ہر دور میں آزادی صحافت کے لئے قربانیاں دی ہیں اور اب بھی صحافی اس کے لئے تیار ہیں ۔ اس موقع پر خاور نعیم ہاشمی نے کہا کہ  آزادی صحافت کی تحریک صحافیوں کے اتحاد کے بغیر ممکن نہیں ۔جنرل ضیاء کے دور میں صحافیوں کو اس لئے تقسیم کیا گیا کہ اس نے آزادی صحافت کی جدوجہد پر حملہ کرنا تھا خوش قسمتی سے آج صحافی ایک پی ایف ہوجے کے تحت متحد ہیں ۔ہمیں اس اتحاد کو لے کر صحافیوں اور اس ملک کے عوام کے آئینی حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔تقریب میں لاہور پریس کلب کے  سینئر نائب صدر  افضال طالب , نائب صدر صائمہ نواز پی یوجے کے سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی ، نائب صدر ندیم زعیم ، خزانچی نسیم قریشی ، لاہور پریس کلب کے  جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ ،خزانچی سالک نواز ،سینئر صحافی سعید اختر ، رفیق خان ،صلاح الدین بٹ ،حامد نواز ،ڈاکٹر شجاعت حامد ۔ جمال احمد ،ندیم سلیمی ،جاوہد ہاشمی سمیت صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ اس موقع پر خاور نعیم ہاشمی نے پی ایف یو جے کے سابق صدر احفاظ الرحمن کی کتاب” آزادی صحافت کی سب سے بڑی جنگ”  اپنے دستخط کے ساتھ شرکاء میں تقسیم کی ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں