وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے محکمہ اطلاعات پنجاب کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ پیش کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نگران پنجاب حکومت کی کامیابی میں محکمہ اطلاعات کی خصوصی کاوشوں کا دخل رہا۔ محکمہ تعلقات عامہ نے ہفتے کے سات دن اور دن کے چوبیس گھنٹے خدمات سر انجام دیں اور حکومتی پالیسیوں اور اقدامات کی موثر تشہیر سے نگران حکومت کا مثبت تاثر بنایا۔ محکمے نے عوام کو حکومتی کاوشوں سے آگاہ رکھ کر حکومتی ساکھ برقرار رکھی۔ عامر میر کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات نے صحافیوں کی فلاح کے لیے دیرینہ مسائل حل کیے اور میڈیا ورکرز کی مالی معاونت کے لیے ایک ارب روپے کا اینڈومنٹ فنڈ قائم کیا۔ پنجاب کے تمام پریس کلبز کو پہلی بار خصوصی گرانٹ فراہم کی گئی۔ پنجاب کے صحافیوں کے لیے مسکن راوی ہاؤسنگ پروجیکٹ شروع کیا گیا۔ لاہور پریس کلب کو صحافیوں کی ہیلتھ انشورنس کے لیے کروڑوں روپے کی گرانٹ دی گئی۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پنجاب آرٹسٹ سپورٹ فنڈ سے 2600 سے زائد فنکاروں کے لیے وظائف مقرر کیے گئے۔ جنوبی پنجاب کے فنکاروں کے لیے 30 ملین روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کی گئی۔ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب کلچر ڈے منایا گیا۔ سرکاری میڈیا کی اپ گریڈیشن کے لیے محکمے کی ڈیجیٹلائزیشن کی گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور میں ڈی جی پی آر کی نئی عمارت کی تعمیر شروع کی گئی۔ محکمہ اطلاعات کے ملازمین کا خصوصی الاؤنس کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا گیا۔ سٹیج ڈراموں سے فحاشی کے خاتمے کے لیے موئثر اقدامات کیے گئے۔ سیاحت کے میدان میں ترقی کے لیے سیاحتی مقامات کی بحالی کو یقین بنایا گیا۔سکھ یاتریوں کی آسانی کے لیے ٹورازم پورٹل متعارف کروائی گئی۔