صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمہ کا عالمی دن اور 3 نومبر کی ایمرجنسی میڈیا پر پابندیوں کے حوالے سے لاہور پریس کلب میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی صدارت سینئر صحافی حسین نقی نے کی جبکہ پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل و صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری سینئر صحافی خاور نعیم ہاشمی سہیل وڑائچ ، انسانی حقوق کمیشن پاکستان کے نائب صدر راجہ اشرف ، پی یوجے کے سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی ، جنرل سیکرٹری قمر الزمان بھٹی اور وز یر اعظم پاکستان کے میڈیا کو آرڈینیٹر اوور سیز پاکستانی عثمان بھٹی نے خطاب کیا۔ حسین نقی کا کہنا تھا کہ آج صحافیوں کو جن مسائل اور پابندیوں کا سامنا ہے اس کے خاتمے کے لئے سب کو مشتر کہ جد و جہد کے لئے میدان میں کھڑا ہونا ہوگا، پاکستان میں صحافیوں کی مارشل لاء ادوار اور میڈیا پر پابندیوں کے خلاف صحافیوں کی جدو جہد تاریخی ہے صحافیوں نے کوڑے بھی کھائے اور مقدمات کا سامنا بھی کیا ہے مگر وہ آزادی صحافت کے تحفظ کے لئے کھڑے رہے۔ پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل و صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ پاکستان میں صحافیوں کے خلاف جرائم میں خوفناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، جس کے تدارک کے لئے حکومت کو ٹھوس اقدامات اٹھانے چاہیں، گذشتہ ایک سال میں صحافیوں کو پیکا کے سینکڑوں مقدمات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ سات صحافی قتل کیے گئے۔ انھوں نے کہا کہ ہم سب کو یکجا ہو کر آزادی صحافت کے تحفظ کے لئے کھڑا ہونا پڑے گا۔ سینئر صحافی خاور نعیم ہاشمی نے کہا کہ صحافیوں نے آزادی اظہار اور آزادی صحافت کے لئے قربانیاں دی ہیں، مجھے اس وقت کوڑے مارے گئے جب ڈاکٹر نے یہ لکھا کر دیا کہ میرا وزن محض 35 کلو تھا ۔ انہوں کو کہا کہ صحافیوں کو اپنی جدو جہد سب سے بڑی جنگ کے طور پر لڑنا ہو گی۔ سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے کہا صحافیوں کو اپنے پیشے کا تقدس کی خود حفاظت کرنا ہوگی اور خبر دیتے وقت کسی سیاسی پارٹی کا ترجمان بننے کی بجائے صحافی کی حیثیت سے کام کرنا ہوگا ۔ وزیر اعظم پاکستان کے میڈیا کو آرڈینیٹر برائے اوور سیز عثمان بھٹی نے کہا کہ صحافیوں کا تحفظ حکومت کہ ذمہ داری ہے جس کے لئے حکومت نے جرنلسٹ پروٹیکٹ ایکٹ منظور کیا ہے تاہم سوشل میڈیا پر ریاست مخالف ایجنڈا ہیڈ صحافت کرنے والے یوٹیوبرز آزادی صحافت پر حملہ آوورز ہیں۔ انسانی حقوق کمیشن پاکستان کے نائب نے کہا کہ ایچ آرسی پی ہمیشہ انسانی حقوق اور آزادی صحافت کے ایشوز پر صحافیوں کے ساتھ ہے اور ہم صحافیوں کے خلاف ریاستی اور غیر ریاستی تمام حملہ آور کے خلاف کھڑے ہیں۔ قمر الزمان بھٹی نے کہا صحافیوں کو آج نہ صرف مختلف دھمکیوں اور حملوں کا سامنا ہے بلکہ ان کی تنخواہیں تک روکی جاتی ہیں اور یہ ایک الگ طرز کا حملہ ہے جو ایک طویل عرصہ سے جاری ہے جس میں صحافی کے معاشی حقوق تک غضب کیے جاتے ہیں۔ تقریب میں پی یوجے کے سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی نے شرکاء کا شکر یہ ادا کیا اور کہا کہ یونین صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے میدان عمل میں کھڑی ہے۔ تقریب میں پی ایف یو جے کے ممبر ایف ای سی شفیق اعوان، پی یوجے کے جو ائنٹ سیکرٹری شیر علی خاطی ، لاہور پریس کلب کے جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، فنانس سیکرٹری سالک نواز ،ممبر گورننگ باڈی شاہدہ بٹ ، سعید اختر ضمیر آفاقی نعمان یاور، ذوالفقار علی مهتو ، رفیق خان ، احسن صبوح ، امریز خان، ندیم شیخ ، حامد نواز ، ندیم سلیمی، صداقت مغل، عمر شریف، اکمل بھٹی ، زاہد قیوم ، عرفان نذیر، شفقت حسین ، امان اللہ خان، عمر عظیم محمد علی ، حسنین اخلاق، عامر سلامت ، عطیہ زیدی ، افضل ایوبی، رانا طارق، شنزاد فراموش، سید شاکر علی ، ستار چودھری ، حقیق شاہ، ڈاکٹر شجاعت ،حامد، جاوید ہاشمی، حارث مرغوب ، شبیر صادق را نا خالد قمر، اے آرگل، جمال احمد ، اکثر بشارت ، طاہر اصغر، ریاض بھٹی ، کاشف علی، عثمان علی ، عامر باجوہ ، سرفراز خان نیازی، کرم داد اور وحید شفیع سمیت صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
