لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری سینئر نائب صدر افضال طالب، نائب صدر صائمہ نواز ، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ ، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی نے سابق سیکرٹری لاہور پریس کلب سینئر صحافی عبدالمجید ساجد کی پر اسرار گمشدگی اور سات گھنٹے بعد بازیابی پر تشویش کا اظہار کیا ہے عبدالمجید ساجد کو آج صبح تین بجے ان کے گھر سے نا معلوم افراد ساتھ لے گئے تھے اور اہل خانہ کو اس اقدام بارے کوئی آگاہی نہیں دی گئی تھی۔ تاہم سات گھنٹے بعد نامعلوم افرادٹھوکر نیاز بیگ کے قریب عبدالمجید ساجد کو سڑک پر چھوڑ گئے ۔ گورننگ باڈی لاہور پریس کلب اس غیر قانونی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری کا کہنا ہے کہ صحافیوں پر اس خوف و ہراس کی فضا کو ختم کیا جائے۔ عبدالمجید ساجد جیسے پروفیشنل صحافی کے ساتھ یہ رویہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا اس قسم کے واقعات کی روک تھام کی جائے اور اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائے۔