صحافیوں پر حملے کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ۔۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) نے باغِ جناح کراچی میں منعقدہ سیاسی جلسے کی کوریج کے دوران صحافیوں پر تشدد اور میڈیا ہاؤسز کی گاڑیوں اور آلات میں توڑ پھوڑ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔صدر کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) نصراللہ چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورۂ کراچی کے موقع پر باغ جناح میں منعقدہ جلسے کے دوران سیاسی کارکنان اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں فرائض کی انجام دہی میں مصروف میڈیا نمائندے تشدد کی زد میں آئے، جبکہ مختلف میڈیا اداروں کی ڈی ایس این جی گاڑیوں اور قیمتی آلات کو نقصان پہنچایا گیا۔سیکرٹری کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) ریحان خان چشتی کا کہنا تھا کہ مشتعل عناصر نے خاتون رپورٹر سمیت چار کیمرہ مینوں اور ایک ڈی ایس این جی آپریٹر پر تشدد کیا، جو نہ صرف صحافتی اقدار بلکہ بنیادی انسانی اصولوں کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) پولیس اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔یونین کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ میڈیا ہاؤسز کی ڈی ایس این جی گاڑیوں، کیمروں اور دیگر قیمتی آلات کو نقصان پہنچا ہے، ان کے مالی نقصان کا فوری اور مکمل ازالہ یقینی بنایا جائے۔کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کا کہنا ہے کہ صحافی غیر جانبداری کے ساتھ مشکل حالات میں اپنے فرائض انجام دیتے ہیں اور کسی بھی فریق کی جانب سے انہیں نشانہ بنانا ناقابلِ قبول ہے۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کریں۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں