پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کی صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال نے کہا ہے کہ صحافیوں کے حقوق کیلئے متحد ہوکر ملک گیر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔ موجودہ حکومت صحافت پر قدغن لگانے کیلئے نئی قانون سازی کررہی ہے ، صحافتی ادارے مفلوج بنادیئے گئے ہیں جبکہ صحافیوں، میڈیا ورکرز کی جبری چھانٹی کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے۔ وہ کراچی میں قصر ناز میں منعقدہ پی ایف یو جے (ورکرز) اور کے یو جے (ورکرز) سے تعلق رکھنے والے عہدیداران ، ممبران اور صحافیوں کے اجتماع سے خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پر پی ایف یو جے (ورکرز) کے سیکریٹری جنرل انیس حیدر، محمد تحسین، آر آئی یو جے(ورکرز) کے جنرل سیکریٹری حمید اللہ عابد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر سعدیہ کمال نے کہاکہ آج صحافی خود کو جتنا بے بس تصور کرتے ہیں ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی ، غیر یقینی کی صورتحال کے باعث صحافی ذہنی اور معاشی مشکلات کا شکار ہیں ، بیشتر اداروں میں کئی کئی ماہ کی تنخواہیں اد انہیں کی گئی ہیں ، پرنٹ میڈیا کو جان بوجھ کر تباہی کے دھانے پر پہنچایا جارہا ہے ، کئی نسلوں سے صحافت کرنے والے صحافی بھی آج انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں کا رویہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے ساتھ مناسب نہیں ، انہوں نے کہاکہ ماضی میں ہمیشہ صحافیوں نے جمہوریت کی بحالی اور جمہوریت کو مستحکم کرنے کیلئے اپنا کرد ارادا کیا لیکن آج بدقسمتی سے اسی جمہوری دور میں صحافیوں پر عرصہ حیات تنگ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ سمیت ملک بھر کو صحافیوں کیلئے انتہائی خطرناک قرار دیا گیا ہے جس کی بنیادی وجہ اب تک شہید کئے جانے والے کسی بھی صحافی کے لواحقین کو انصاف فراہم نہیں کیا گیا جس کے باعث دہشت گردوں، انتہاپسندوں اور ریاستی اداروں کے حوصلے بڑے ہیں اور وہ جب چاہئیں، جس صحافی کو چاہئیں اپنے انتقام کا نشانہ بنالیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صحافتی تنظیموں کی قیادت کو مخلصی اور ایمانداری سے اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ علاوہ ازیں کراچی پریس کلب میں ڈاکٹر سعدیہ کمال کی کتاب ” ٹریمٹ کتھا” کی تقریب رونما ئی ہوئی جس میں بڑی تعداد میں ادیب، دانشور، صحافیوں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔ تقریب سے وفاقی اُردو یونیورسٹی کے ماس کمیونیکیشن کے سابق سربراہ ڈاکٹر توصیف احمد نے کہاکہ اس طرح کی کتابوں کے ہمیشہ بہت دورس نتائج نکلتے ہیں ، اس کتاب میں خواتین کو درپیش مسائل کو بہت سلیقے سے اُجاگر کیا گیا ہے ۔ تقریب میں مقامی صحافیوں اور دانشوروں نے بھی خطاب کیا۔ بعد میں کراچی پریس کلب کے سابق صدر اے ایچ خانزادہ ، سینئر صحافی اور تجزیہ نگار مظہر عباس، کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، کے یو جے (ورکرز) کے صدر شکیل یامین کانگا اور دیگر نے ڈاکٹر سعدیہ کمال کو کتاب لکھنے پر مبارکباد دی ۔
