سینئر اداکارہ و اینکرپرسن نادیہ جمیل نے کہا ہے کہ اگر کوئی شوہر ذہنی طور پر بیمار ہے، وہ اپنی بیوی کو حق نہیں دے رہا، وہ اسے عزت نہیں دے رہا تو عورت کو مذہب اسلام نے حق دے رکھا ہے کہ وہ الگ ہوجائے اور یہی حق مرد کو بھی ملا ہوا ہے۔نادیہ جمیل نے حال ہی میں ’المورد خواتین سوسائٹی‘ کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے مرد و خواتین کے درمیان تعلقات، عزت اور رشتے سمیت ماؤں کی جانب سے بچوں کی پرورش پر بھی بات کی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ ماؤں کو بیٹیوں کی طرح بیٹوں کی بھی درست پرورش کرنی چاہیے، مائیں اپنے بیٹوں کو یہ سمجھائیں کہ کس طرح انہیں اپنی بیوی کی عزت کرنی چاہیے۔نادیہ جمیل کے مطابق کچھ ہی عرصے میں ان کے بیٹے کی بات پکی ہوجائے گی اور آئندہ سال تک وہ شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے، جس کے بعد ان کی نظر بہو کے بجائے بیٹے پر ہوگی کہ وہ کس طرح اپنی بیوی کے ساتھ برتاؤ کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی حمایت بہو کی طرف ہوگی، وہ یہ دیکھے گی کہ ان کا بیٹا اپنی بیوی کو خود سے کمتر محسوس نہ کروائے اور اسے گھر میں مہمان نہ سمجھے۔اداکارہ نے اسی معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے مرد اور عورت کے کردار اور اہمیت پر بھی بات کی اور کہا کہ دونوں ایک دوسرے کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے، اس دنیا کے مسائل دونوں ہی مشترکہ طور پر حل کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہندو ازم میں طلاق کا کسی کو حق نہیں لیکن اسلام میں مرد اور عورت کو یہ حق دیا گیا ہے کہ وہ عزت نہ ملنے پر ایک دوسرے سے الگ ہو سکتے ہیں۔

شوہر عزت نہیں دے رہا بیوی کو علیحدگی کا حق ہے، نادیہ جمیل۔۔۔
Facebook Comments