اداکارہ و ٹی وی میزبان فضا علی کو خواتین کی جانب سے کمانے کے بعد شوہروں کی نافرمانی سے متعلق دیے گئے بیان پر تنقید کا سامنا ہے۔فضا علی نے حال ہی میں ’نیوز 24‘ پر نشر ہونے والے اپنے رمضان شو میں شوہر کے حقوق پر بات کی اور اس دوران انہیں ایک خاتون کالر نے فون کرکے اپنے مسائل بتائے، جن پر انہوں نے خاتون کے ساتھ ہمدردی کرنے کے بجائے انہیں شوہر کی فرمانبرداری کرنے کی تلقین کی۔خاتون کالر نے فضا علی کو بتایا کہ ان کے شوہر ان کی عزت نہیں کرتے، انہیں ذہنی طور پر پریشان کرتے ہیں جب کہ وہ بچوں کا بھی خیال نہیں کرتے، نہ بچوں کے اخراجات دیتے ہیں، وہ خود کماکر گھر چلا رہی ہیں لیکن اس باوجود شوہر ان کی عزت نہیں کرتے۔خاتون کا کہنا تھا کہ وہ کمانے کے ساتھ ساتھ گھر کو بھی دیکھتی ہیں، بچوں کو اسکول کے لیے تیار کرنے کے ساتھ ساتھ خود بھی دفتر جاتی ہیں، پھر واپس آکر گھر کو دیکھتی ہیں لیکن اس باوجود وہ شوہر کے ہاتھوں ذلیل ہوتی ہیں۔خاتون کالر کی بات پر فضا علی نے ان سے ہمدردی کرنے کے بجائے انہیں تلقین کی کہ وہ کمانے کے ساتھ ساتھ شوہر کی فرمانبرداری کریں، ان کے سامنے جھک کر دیکھیں، معاملات ٹھیک ہوجائیں گے۔فضا علی نے خاتون کالر کی بات پر اپنے لیکچر میں کہا کہ خواتین جب کمانے لگتی ہیں تو وہ حق جتانے لگتی ہیں، خود کو مرد کے برابر سمجھنے لگتی ہیں۔اداکارہ و ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ پانچوں انگلیاں برابر نہیں ہوتیں، کہیں خواتین کے ساتھ زیادہ ظلم ہے تو کہیں شوہروں کی عزت نہیں کی جاتی۔فضا علی نے خاتون کالر کی بات پر کہا کہ خدا نے شوہر کا احترام کرنے کا حکم دیا ہے اور بیوی کو خاوند کی عزت کرنی ہی ہے۔انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جب کوئی خاتون کمانے لگتی ہے تو اس کو لگتا ہے کہ وہ بھی شوہر کے برابر کی ہیں یا پھر وہ خود کو مرد بھی سمجھنے لگتی ہے۔ٹی وی میزبان نے کہا کہ مرد کا بڑا رتبہ ہے، جب کسی مرد کی ملازمت نہیں رہتی یا وہ کما نہیں پاتا، تب اسے بیوی کی جانب سے دیے جانے والے طعنوں سے معاملات بگڑتے ہیں۔انہوں نے خاتون کالر کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ شوہر کو یہ طعنے نہ دیں کہ وہ کما کر لاتی ہیں، وہ ان کے ساتھ کھڑے ہونے کی کوشش کریں، تھوڑا سا جھک کر دیکھیں، معاملات بہتر ہوجائیں گے۔فضا علی کے مطابق شوہر کو خدا نے خاتون کے لیے حاکم بنا دیا ہے اور اس کی بات ماننا اور اس کے ساتھ کھڑا ہونا عورت پر فرض ہے، اسے اس کا درجہ دینا لازم ہے، بیوی اس کی سپورٹ میں اس کے ساتھ کھڑی ہوجائے، اسے طعنے نہ دے۔انہوں نے کہا کہ اگر بیوی کے جھکنے اور عزت کرنے کے باوجود کوئی شوہر نہیں سمجھ رہا، وہ پھر بھی بیوی کو ذلیل کرتا ہے تو عورت کو حق ہے کہ وہ اسے چھوڑ دے، مذہب اسلام نے بھی عورت کو یہی حق دیا ہے۔فضا علی کی جانب سے شوہروں کے حقوق پر کی گئی بات کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔زیادہ تر صارفین نے فضا علی کی ذہنی حالت پر سوالات اٹھائے اور ساتھ ہی لکھا کہ اب وہ اداکارہ کو سوشل میڈیا پر ان فالو کردیں گے۔