ماضی کی معروف اداکارہ سارہ عمیر کا کہنا ہے کہ شوبز میں پرچی سسٹم اس قدر مضبوط ہے کہ کئی بار بہترین کردار ملنے کے باوجود انہیں کسی اور کو دے دیا جاتا ہے۔سارہ عمیر نے حال ہی میں متھیرا کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری کے حوالے سے کئی انکشافات کیے۔اداکارہ نے بتایا کہ جب وہ انڈسٹری میں نئی نئی آئی تھیں تو انہیں بولی وڈ فلم کی پیشکش ہوئی تھی، یہ آفر ایورریڈی پروڈکشن کے ذریعے کی گئی تھی ، ان دنوں اداکارہ میرا کی بھی مہیش بھٹ کی فلم ریلیز ہوئی تھی، جس کے ڈائریکٹر ہی پاکستان کے ساتھ مشترکہ پروجیکٹ پر کام کر رہے تھے۔اداکارہ کے مطابق وہ اس پروجیکٹ کا حصہ نہیں بن سکیں کیونکہ فیملی نے اجازت نہیں دی تھی لیکن اگر ان کی جگہ کوئی اور ہوتا تو وہ کبھی اس پیشکش کو رد نہ کرتا۔انہوں نے کہا کہ ایک اور وجہ یہ بھی تھی کہ اس وقت وہ اور ان کی والدہ بہت ڈرے سہمے رہتے تھے کیونکہ وہ انڈسٹری میں بالکل نئی تھیں، یہاں کے حالات کا بھی زیادہ اندازہ نہیں تھا تو بھارت کے بارے میں کیسے اندازہ ہوتا، اسی خوف کے باعث وہ اس پیشکش پر کچھ کہہ نہیں سکیں۔سارہ عمیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ کئی بار بہت اچھے کردار کی آفر ملتی ہے لیکن ہمارے یہاں کچھ چینلز اور پروڈکشن ہاؤسز ایسے ہیں جہاں اوپر سے پرچی کسی اور کی آجاتی ہے اور وہ موقع ہاتھ سے نکل جاتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انڈسٹری میں کئی ایسی اداکارائیں موجود ہیں جنہیں اداکاری نہیں آتی، لیکن ان کی پرچی بہت طاقتور ہے، اسی لیے انہیں کام ملتا ہے، تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں بتایا۔
