کراچی کی سیشن عدالت وسطی نے یوٹیوبر رجب کی عبوری ضمانت میں 30 مارچ تک توسیع کر دی۔معروف یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف شعائر اسلام کی بے حرمتی کے مقدمے میں یوٹیوبر رجب بٹ کی عبوری ضمانت کی سماعت ہوئی۔ ملزم کو پہلے ہی عدالت سے عبوری ضمانت حاصل ہو چکی تھی۔سماعت کے دوران وکیل مدعی نے کہا کہ عدالت نے مقررہ وقت ساڑھے آٹھ بجے مقرر کیا تھا، لیکن ملزم ساڑھے نو بجے پیش ہوا۔ وکیل مدعی نے ملزم کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ شواہد دینے کے حوالے سے ان کی پوری تیاری تھی، مگر ملزم کے وکیل پیش نہیں ہوئے۔ملزم کے وکیل کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ پہلے بھی وکیل پیش نہیں ہوئے تھے، اس سلسلے میں باقاعدہ درخواست جمع کروائی جائے۔ملزم کے وکلاء نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ اس کے بعد عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت میں تیس مارچ تک توسیع کر دی۔یاد رہے کہ ملزم کے خلاف تھانہ حیدری مارکیٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
