سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے پاکستان کے معروف میڈیا اینکرز کے اعزاز میں ایک خصوصی ضیافت کا اہتمام کیاگیا۔ تقریب میں پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما محترمہ فریال تالپور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن، پارٹی کے سینئر رہنما نیر بخاری اور قمر الزماں کائرہ بھی شریک ہوئے۔ دعوتِ ضیافت میں ملک کے ممتاز صحافیوں، تجزیہ کاروں اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ شخصیات نے بھی شرکت کی جہاںملکی سیاسی صورتحال، جمہوری عمل کی مضبوطی، میڈیا کی آزادی، اور ذرائع ابلاغ کے اداروں کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔شرکاء کی جانب سے میڈیا کے کردار، ذمہ دارانہ صحافت، اور عوامی مسائل کے مؤثر اجاگر پر بھی اپنی آراء کا اظہار کیاگیا۔ شرکانے اتفاق کیاکہ آزاد، ذمہ دار اور مستحکم میڈیا ملک کی جمہوری بقا کے لیے ناگزیر ہے،پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما محترمہ فریال تالپورنے اس موقع پر کہا کہ آزاد اور ذمہ دار میڈیا کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے، پاکستان پیپلز پارٹی میڈیا کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی، سندھ کے سینئر وزیرشرجیل انعام میمن نے کہا کہ شفاف معلومات اور عوامی آگاہی کے لیے حکومت سندھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزادی اظہار رائے اور میڈیا کے حقوق کا احترام کیا ہے، میڈیا معاشرتی اصلاح اور جمہوریت کے استحکام میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔مہمان صحافیوں میں پی ایف یوجے کے صدر افضل بٹ، نیشنل پریس کلب کی سیکرٹری نیئرعلی سمیت ندیم ملک ، کرن ناز، مبشر لقمان،شہزاد اقبال، سلیم صافی، اعزاز سید، انیقہ نثار، اشفاق اسحاق ستی ، غریدہ فاروقی، تنزیلہ مظہر ،عاصمہ شیرازی ،عادل نظامی،ثمر عباس، نادیہ مرزا، ابصار کومل، عادل شاہزیب ، علینہ شگری، اسد اللہ خان،انوار الحسن،شازیہ خان، انور رضا ، احتشام الحق اورعرفان حیدر شامل تھے۔
