اداکارہ مہوش حیات کا کہنا ہے کہ شادی ایک جُوا ہے، اسی لیے وہ جلد بازی میں یہ فیصلہ نہیں کرنا چاہتیں۔مہوش حیات نے حال ہی میں ’فوچیا میگزین‘ کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔اداکارہ نے بتایا کہ وہ مستقبل میں ہدایتکاری کا ارادہ رکھتی ہیں، وہ ڈراموں کے سیٹ پر ہدایتکاروں کے کام کو غور سے دیکھتی ہیں اور چھوٹی سے چھوٹی بات نوٹ کرتی ہیں تاکہ وہ باتیں مستقبل میں ان کے کام آ سکیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اللہ کے ساتھ ان کا ایک خاص تعلق ہے، وہ تنہائی میں اللہ سے باتیں کرتی ہیں اور انہیں اس سے دلی سکون ملتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں مہوش حیات کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مردوں کو تو یہ اجازت ہے کہ وہ باوقار طریقے سے عمر رسیدہ ہوں، کئی مرد بڑی عمر کے باوجود کم عمر لڑکیوں کے ساتھ اسکرین پر نظر آتے ہیں اور اس پر معاشرے کو کوئی اعتراض نہیں ہوتا، لیکن اداکاراؤں کے لیے یہ معیار مختلف ہے، ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وقت ان کے لیے رک جائے۔ اداکارہ کے مطابق وہ زیادہ نہیں، مگر کچھ حد تک رومانوی ضرور ہیں، وہ حقیقت پسند ہیں اور ایک ایسے شخص سے شادی کرنا چاہتی ہیں جو ان کی زندگی میں سکون لائے اور جس پر انہیں مکمل اعتماد ہو۔مہوش حیات نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ شادی ایک جُوا ہے اور وہ اس معاملے میں کبھی جلد بازی نہیں کریں گی۔ان کے بقول اگرچہ کچھ لوگوں کے لیے شادی اولین ترجیح ہو سکتی ہے، مگر وہ چاہتی ہیں کہ ایک سمجھدار فیصلے کے تحت ایسے شخص سے شادی کریں جو نہ صرف انہیں سمجھے بلکہ ان کا ساتھ بھی دے۔
