سینئر صحافیوں کی یاد میں ایچ یوجے ورکرز کا تعزیتی ریفرنس۔۔

 راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے صدر مظہر اقبال اور حیدرآباد کے سینئر صحافی روزنامہ ڈان اخبار کے سابق بیوروچیف عزیز اللہ ملک کے انتقال پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) اور حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے زیر اہتمام منشی لاء ایسوسی ایٹس میں تعزیتی ریفرنس ہوا، جس میں یونین کے عہدیداران و ممبران اور صحافیوں نے شرکت کی۔ تعزیتی ریفرنس میں مرحومین کے درجات کی بلندی اور ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں، تعزیتی ریفرنس سے سابق صوبائی وزیر اور سابق نائب ناظم ضلع کونسل نواب راشد علی خان، سینئر صحافی عبدالحفیظ عابد، فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے سینئر نائب صدر ناصر شیخ، حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (ورکرز)کے صدر امجد اسلام، ساجد آرائیں، عبدالوہاب منشی، ندیم خاور اور دیگر نے مرحومین کی صحافتی خدمات اور آزادی صحافت کیلئے ان کی جانے والی جدوجہد پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ عزیز اللہ ملک اور مظہر اقبال صحافت کے رول ماڈل ہیں ، ان کی جلائی ہوئی شمع کو روشن رکھنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ عزیز اللہ ملک نے حیدرآباد میں نہ صرف بلند پایہ اور معیاری صحافت کی بلکہ کئی نوجوانوں کی تربیت کرکے انہیں اعلیٰ پایئے کا صحافی بنایا، وہ اصول اور قواعد وضوابط کی پاسداری کرتے تھے ، اعلیٰ اقسام کی کتابیں پڑھنا ان کا شوق تھا ، انہوںنے کبھی بھی صحافتی بدیانتی نہیں کی، نہ جائیدادیں بنائیں اور نہ ہی قلم فروشی کرکے مراعاتیں حاصل کیں، بدقسمتی سے آج صحافت بتدریج پستی کی طرف جارہی ہے جس کی بنیادی وجہ جن اداروں یا جن شخصیات کی بداعمالیوں کو بے نقاب کرنا تھا کچھ ضمیر فروش ان ہی سے مراعاتیں لے کر قلم کا سودا کررہے ہیں۔ انہوں نے مظہر اقبال کی صحافیوں کے حقوق اور صحافتی آزادی کیلئے کی جانے والی جدوجہد پر بھی انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مظہر اقبال نہ صرف صحافیوں کے معیار زندگی بلند کرنے بلکہ صحافت پر قدغن کے بھی خلاف اور ہمیشہ متحرک رہے اور انہوںنے ملک بھر میں صحافیوں کو منظم کرنے میں اپنا کردار اد اکیا۔ آر آئی یو جے (ورکرز) کے صدر بننے کے بعد انہوںنے پریشان حال صحافیوں کی نہ صرف مدد کی بلکہ ان کے ساتھ معاشرتی ظلم و زیادتی کیخلاف ہونے والی ناانصافیوں پر بھی سراپا احتجاج تھے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں