سندھ میں ایک اور صحافی قتل، قاتل نامعلوم۔۔۔

 گڑھی خیرو مسلح ملزمان کی گھر پر فائرنگ، صحافی سید محمد شاہ قتل، رپورٹ کے مطابق تھانہ گڑھی خیرو کی حدود گوٹھ سید الطاف شاہ میں واقع گھر پر نامعلوم مسلح افراد نے ٹارگٹ کرکے جدید اسلحے سے فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں رپورٹر نوجوان صحافی سید محمد شاہ موقعے پر ہی جا ں بحق ہو گیا، اطلاع ملنے پر حد کی پولیس نے پہنچ کر لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ اسپتال منتقل کردیا، صحافی کے قتل کا سن کر بڑی تعداد میں شہری، صحافی برادری اور سیاسی سماجی کارکنان تعلقہ اسپتال پہنچ گئے، گڑھی خیرو پولیس کے مطابق معاملے کی تحقیقات اور ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔دریں اثنا پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کی صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال، جنرل سیکریٹری شاہد علی، سینئر نائب صدر ناصر شیخ ، ایچ یو جے (ورکرز) کے صدر امجد اسلام، جنرل سیکریٹری عاشق ساندنے جیکب آباد کی تحصیل گڑھی خیرو میں اب تک نیوز کے رپورٹر محمد شاہ شہید کئے جانے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد شاہ کو فائرنگ کرکے شہید کردیا ، انہوں نے کہاکہ پاکستان صحافیوں کیلئے نہ صرف خطرناک ملک بن گیا ہے بلکہ صحافی ہر سطح پر غیر محفوظ بنادیئے گئے ہیں، اس صورتحال میں صحافت سے وابستہ افراد میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کیا گیا ہے۔ ایک طرف حکومتی زیادتیاں ، اداروں کی صحافی دشمن پالیسیاں اور دوسری طرف اس طرح کی دہشت گردانہ کارروائیوں میں صحافیوں کا جینا دوبھر کردیا ہے ، انہوں نے کہاکہ پاکستان کے صحافی اور خاص طورپر جیکب آباد کے صحافیوں نے جس طرح سے جان ہتھیلی پر رکھ کر اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں ادا کی ہیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ پاکستان کے صحافیوں کی حق گوہی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا اعتراف فیلڈ مارشل سے لے کر حکومت کے اعلی حلقوں تک میں کیا جاتا ہے لیکن ان صحافیوں کو نہ تو تحفظ فراہم کیا جارہا ہے اور نا ہی بنیادی سہولیات کیلئے کوئی عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔دوسری طرف کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای) نے سندھ کے ضلع جیکب آباد کی تحصیل گڑھی خیرو میں اب تک ٹی وی چینل کے نمائندے سید محمد شاہ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت کو تحفظ دینے میں وفاقی اور صوبائی حکومت کی ناکامی قرار دیا ہے۔اس سلسلے میں سی پی این ای کے صدر کاظم خان اور سیکریٹری جنرل غلام نبی چانڈیو نے کہا کہ صحافی سید محمد شاہ کو مسلح افراد نے رات کے اندھیرے میں ان کے گھر پر فائرنگ کرکے شہید کردیا جو سندھ حکومت، مقامی انتظامیہ ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ سی پی این ای نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحافی سید محمد شاہ کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں