سندھ حکومت نے کسی بھی صحافی کے خلاف کبھی انتقامی کارروائی کا نہیں سوچا، شرجیل میمن۔۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے مقامی  صحافی راشد صدیق کے خلاف جاری کی گئی مبینہ پریس ریلیز کے حوالے سےلوکل گورنمنٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن نے فوری طور پر وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن سے رابطہ کرلیا ہے۔ ایسوسی ایشن کی عبوری کمیٹی کے مطابق وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے  واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ اطلاعات سندھ نے کسی بھی قسم کی کوئی پریس ریلیز جاری نہیں کی۔  پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت جمہوری روایات کی امین ہیں اور کسی بھی صحافی کے خلاف انتقامی کارروائی کا سوچنا بھی ممکن نہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کا نام استعمال کر کے جاری کی گئی جعلی پریس ریلیز کے معاملے کی مکمل انکوائری کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔لوکل گورنمنٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے معاملے پر توجہ دلانے کے بعد وزیر اطلاعات نے فوری ایکشن کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ سندھ حکومت ہمیشہ صحافیوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی ان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا۔وزیر اطلاعات نے جلد لوکل گورنمنٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو مکمل تعاون اور شفاف انکوائری کی یقین دہانی کرائی جاتی ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں