نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سوشل میڈیا پر کالعدم تنظیم کا مبینہ بیانیہ پھیلانے کے الزام میں ریڈیو پاکستان کوئٹہ کے ایک ملازم کو گرفتار کرلیا، جبکہ عدالت نے ملزم کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔تحقیقات سے وابستہ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت ظفر اقبال کے نام سے ہوئی ہے، جو ریڈیو پاکستان کوئٹہ میں نائب قاصد کے طور پر فرائض انجام دیتا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم پر الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا، بالخصوص فیس بک پر اشتعال انگیز مواد شیئر کرتا رہا، جس میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے متعلق بیانیے کی تشہیر بھی شامل ہے۔حکام کے مطابق ملزم کی سرگرمیاں ریاستی اداروں کے خلاف مواد کی تشہیر اور مبینہ طور پر شدت پسند بیانیے کو فروغ دینے کے زمرے میں آتی ہیں، جس پر پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) سمیت دیگر متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ملزم کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں تفتیشی افسر کی استدعا پر عدالت نے تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم کو مزید تحقیقات کے لیے این سی سی آئی اے کے حوالے کردیا۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ریمانڈ کے دوران ملزم کے ڈیجیٹل آلات، سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور دیگر شواہد کا فرانزک تجزیہ کیا جائے گا، جبکہ ممکنہ روابط اور دیگر افراد کی شمولیت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ملزم کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا اور کیس کی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔
