انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں مختصر حکم نامہ جاری کرتے ہوئے مقدمے میں نامزد نو ملزمان کے تاحال روپوش ہونے کا نوٹس لے لیا ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 14 فروری تک ملتوی کر دی۔سماعت کے دوران تفتیشی افسر، ملزمان کے وکلاء اور ریڈیو پاکستان کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالتی حکم نامے کے مطابق ملزمان کی شناخت اور تصدیق سے متعلق پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری اور نادرا کی رپورٹس پیش کی گئیں۔عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی ہے کہ وہ پنجاب فرانزک لیب اور نادرا کی رپورٹس باقاعدہ متعلقہ فورم کے ذریعے جمع کروائیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ رپورٹیں قانونی تقاضوں کے مطابق پیش کی جائیں۔پراسیکیوشن کے مطابق 9 مئی 2023 کو احتجاج کے دوران ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملہ کیا گیا، جس دوران عمارت کو آگ لگائی گئی جبکہ سرکاری اور نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔ مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے ایک صوبائی وزیر سمیت متعدد ارکانِ اسمبلی اور کارکنان کو نامزد کیا گیا ہے۔ریڈیو پاکستان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ملزمان کی شناخت اور تصدیق پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری اور نادرا سے کروائی جائے، جس پر عدالت نے دونوں اداروں کو باقاعدہ فورم کے ذریعے رپورٹس جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
