نجی ٹی وی پر رمضان ٹرانسمیشن کی میزبان رابعہ انعم نے کہا ہےکہ انہیں اداکارہ صبا فیصل کا بہو سے متعلق بیان ایک آنکھ نہیں بھایا۔چند ماہ قبل صبا فیصل نے ایک مارننگ شو میں شرکت کی تھی جہاں انہوں نے نئی نویلی دلہن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نئی بہو ساس یا نند سے پوچھ کر سونے جاسکتی ہے، اداکارہ کی یہ بات سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی اور انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔تاہم اب حال ہی میں میزبان رابعہ انعم نے ایک انٹرویو دیا جس میں انہوں نے سینئر اداکارہ کا نام لیے بغیر کہا کہ مارننگ شو میں ایک بات کی گئی تھی کہ بہو کو ساس سے پوچھ کر سونا چاہیے، بہو کو پوچھنا چاہیے کہ وہ 15 منٹ کا آرام کر لے، ایسا کیوں؟انہوں نے کہا کہ میں بہو ہوں، میری ساس نے مجھے ایسا کبھی نہیں بولا اور کبھی اس بات کی توقع نہیں کرتی کہ میری بھابھی میری امی سے یہ پوچھے، ہر کسی کو اپنی زندگی اپنے طریقے اور اپنے انداز میں گزارنے کا حق ہے۔رابعہ انعم نے مزید کہا کہ ہم یہ باتیں کس بنیاد پر کہہ رہے ہیں، اس بنیاد پر کہ ہم بھارتی کلچر کو لے کر آج تک چل رہے ہیں، بھارت میں تو بیوہ عورتوں کے ساتھ پتا نہیں کیا کچھ ہوتا ہے، کیا ہم بھی وہ سب کریں گے؟دوسری جانب صبا فیصل نے رابعہ انعم کے بیان پر خاموشی اختیار نہیں کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر رابعہ کا ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کچھ لوگ محض خود کو دانشمند ثابت کرنے اور وقتی توجہ حاصل کرنے کے لیے اس قسم کی گفتگو کا حصہ بنتے ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ان کی بات اتنی ہی غلط تھی تو اسے اتنی اہمیت کیوں دی جا رہی ہے۔یوں بہو اور ساس کے تعلق سے جڑا ایک بیان سوشل میڈیا پر نئی بحث کا باعث بن گیا ہے، جہاں صارفین دونوں شخصیات کے مؤقف پر اپنی اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔
