رمضان المبارک کے ماہ مقدس میں بھی میڈیا ہاؤسز کی اکثریت اپنے ملازمین کو جنوری کی تنخواہ نہیں دے سکے۔۔ پپو کے مطابق نجی ٹی وی چینل نیو نیوز اور لاہور رنگ کے آدھے سے زائد ملازمین کو دسمبر 2025 کی تنخواہ تاحال ادا نہ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے باعث ورکرز شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ پپو کے مطابق متعدد ملازمین رمضان شریف کی آمد سے قبل راشن تک خریدنے سے قاصر ہیں جبکہ کچھ ورکرز فاقوں جیسی صورتحال سے دوچار ہیں۔ لاہور ہیڈ آفس میں ساٹھ ہزار روپے سے زائد ماہانہ تنخواہ لینے والے ملازمین کو دسمبر کی تنخواہ ابھی تک نہیں ملی۔ متاثرہ ملازمین کا کہنا ہے کہ ادارے کی جانب سے تنخواہوں میں تاخیر کا یہ سلسلہ گزشتہ دو برسوں سے جاری ہے۔ پہلے ایک ماہ کی تاخیر معمول سمجھی جاتی تھی، تاہم اب یہ دورانیہ بڑھ کر تین ماہ تک جا پہنچا ہے۔ورکرز کا مؤقف ہے کہ جب بھی اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کیا جاتا ہے تو یہی جواب ملتا ہے کہ “فنڈز موجود نہیں، جیسے ہی فنڈز آئیں گے ادائیگی کردی جائے گی۔” بعض ملازمین نے یہ بھی بتایا کہ گھریلو ایمرجنسی یا بیماری کی صورت میں بھی ادارہ کسی قسم کی مالی معاونت فراہم نہیں کر رہا۔ پپو کے مطابق انتظامیہ ساٹھ ہزار روپے سے کم تنخواہ لینے والے ملازمین کو ہر ماہ 15 تاریخ کو ادائیگی کر کے یہ تاثر دیتی ہے کہ چینل میں باقاعدگی سے تنخواہیں مل رہی ہیں، حالانکہ بڑی تعداد میں ورکرز کئی ماہ سے بقایا جات کے منتظر ہیں۔ اسی طرح 365 نیوز، ایشیا ون، سنونیوز، پبلک نیوز، آج ٹی وی، این ٹی این ، گرین انٹرٹینمنٹ ،ایک نیوز سمیت کئی چینلز کے ملازمین رمضان المبارک میں تنخواہوں سے محروم ہیں۔۔جیو،اے آر وائی، ڈان ، سما ، ہم نیوز نے رمضان سے پہلے ہی اپنے ملازمین کو تنخواہیں جاری کردیں۔۔ ملازمین نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور واجبات کی ادائیگی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ اپنے گھریلو اخراجات اور رمضان کی تیاری کر سکیں۔
