پی یوجے کی ایگزیکٹو کونسل نے سینئر صحافی ڈاکٹر شجاعت حامد کے ساتھ توہین آمیز رویہ اور بدتمیزی کرنے والے رجسٹرار آئی ٹی این ای کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ ڈاکٹر شجاعت حامد رجسٹرار آئی ٹی این ای کے پاس اپنے ایک کیس کے سلسلے میں مصدقہ نقول لینے کیلئے لاہور سے اسلام آباد گئے تھے لیکن رجسٹرار نے ان کے ساتھ انتہائی توہین آمیز رویہ اختیار کیا اور بد تمیزی کرتے ہوئے ہاتھا پائی پر اتر آئے۔ پی یوجے کی ایگزیکٹو کونسل نے رجسٹرار آئی ٹی این ای کے اس رویئے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور چیئر مین آئی ٹی این ای شاہد محمود کھوکھر سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ٹی این ای میں کارکن صحافی میڈیا مالکان کے خلاف اپنی شکایات کے ازالے اور واجبات کیلئے رجوع کرتے ہیں لیکن بد قسمتی سے رجسٹرار جیسے اہم عہدے پر اخبارات کے مالکان کا ٹاؤٹ بیٹھا ہوا ہے جس کے خلاف متعدد صحافی بار ہا شکایات کر چکے ہیں لیکن تاحال اسے اس اہم عہدے سے ہٹایا نہیں جا سکا۔ اس طرح کا رویہ انتہائی افسوس ناک اور لائق مذمت ہے۔ صدر پی یو جے میاں شاہد ندیم اور جنرل سیکرٹری قاضی طارق عزیز نے کہا ہے کہ اگر اس کرپٹ اور سیٹھ مافیا کے ٹاؤٹ کو رجسٹرار آئی ٹی این ای کے عہدے سے ہٹایا نہ گیا تو پی یو جے شدید احتجاج کرے گی۔ پی یو جے کی قیادت واضح کرتی ہے کہ وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور چیئر مین آئی ٹی این ای شاہد محمود کھو کھر آئی ٹی این ای میں ایسے رجسٹرار کو تعینات کریں جو کسی میڈیا مالک یا کسی سیٹھ مافیا کا ترجمان نہ ہو بلکہ وہ قلم مزدوروں اور کارکنوں کے حقوق کا نگہبان ہو۔
