عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم نہ صرف اپنے لازوال گانوں بلکہ شاندار لائیو پرفارمنسز کے باعث بھی دنیا بھر میں پہچانے جاتے ہیں۔بھارتی فلموں کے لیے گائے گئے سپرہٹ گانوں نے ان کی مقبولیت کو مزید دوام بخشا، جبکہ نجی تقریبات اور بڑی شادیوں میں ان کی موجودگی ہمیشہ خبروں کی زینت بنتی رہی ہے۔گزشتہ ہفتے فریال تالپور کی صاحبزادی عائشہ تالپور کی شادی نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی، جہاں راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔ اب سینئرصحافی نعیم حنیف نے حال ہی میں ایک گفتگو کے دوران ان معروف گلوکاروں کی تقریبات میں پرفارمنس کے معاوضوں سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔ ان کے مطابق، راحت فتح علی خان پاکستان میں کسی شادی پر پرفارم کرنے کے لیے تقریباً ایک کروڑ پچیس لاکھ روپے وصول کرتے ہیں۔ اگر وہ کسی دوسرے شہر میں پرفارم کریں تو یہ رقم مزید بڑھ جاتی ہے، جبکہ بیرونِ ملک پرفارمنس کی صورت میں ان کی فیس تقریباً دگنی ہو جاتی ہے۔نعیم حنیف نے عاطف اسلم کے حوالے سے بتایا کہ وہ ماضی میں شادیوں میں پرفارم نہیں کیا کرتے تھے۔ تاہم تقریباً سات سال قبل ملک ریاض نے انہیں اپنے پوتے کی شادی میں گانے کی پیشکش کی۔ عاطف اسلم نے بظاہر انکار کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے مانگے، مگر ملک ریاض نے وہ رقم ادا کر دی۔ نعیم حنیف کے بقول انہوں نے اس ادائیگی کا بل بھی دیکھا تھا۔ اسی واقعے کے بعد عاطف اسلم نے شادیوں میں پرفارم کرنا شروع کیا اور اب وہ فی پرفارمنس تقریباً دو سے ڈھائی کروڑ روپے وصول کرتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین عموماً صحت کے مسائل کے باعث پرفارم نہیں کرتیں، لیکن اگر وہ کسی تقریب میں شرکت کریں تو ان کا معاوضہ بھی کم نہیں ہوتا اور وہ تقریباً ساٹھ سے ستر ہزار ڈالر وصول کرتی ہیں۔ نعیم حنیف کے اندازے کے مطابق مذکورہ شادی میں مجموعی طور پر گلوکاروں کی پرفارمنس پر خرچ کی گئی رقم تقریباً سات کروڑ روپے کے قریب تھی۔
راحت فتح،عاطف اسلم کے شادی فنکشن کے معاوضوں کا انکشاف۔۔
Facebook Comments
