بھتہ خوری، بلیک میلنگ اور ماہانہ ایک ملین روپے بھتے کیلئے فون کالز کرنے پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے مقامی اخبار میٹروپولیٹن کے چیف ایڈیٹر کے خلاف سائبر کرائم سیل کراچی سے رجوع کرلیا جب کہ محکمہ اطلاعات سندھ میں اخبار کے ڈیکلیئریشن کی منسوخی کیلئے خط بھی لکھا تھا۔۔ ترجمان سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے مقامی اخبار میٹرو پولٹین میں حقائق کے منافی خبر کی اشاعت پر سخت الفاظ میں تردید اور مذمت کی ہے جبکہ اس سلسلے میں ایف آئی اے سائبر کرائم ،سندھ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور کراچی پولیس چیف کو ایف ائی آر اندراج کے لئے خطوط ارسال ،کردیئے۔صحافت کی آڑ میں مذموم مقاصد بھتہ خوری کے لئے دھمکیاں دینے پر چیف ایڈیٹرکو قانون کےکٹہرے میں لائیں گے۔ترجمان نے کہا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف انہدامی مہم میں ، ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اتھارٹی کے افسران ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی سربراہی میں بھرپور قانونی کارروائیاں کررہے ہیں۔ ایسی صورتحال میں حقائق کے منافی جھوٹی خبریں شائع کرنا ادارے کی ساکھ سمیت افسران کی کردار کشی، بھتہ خوری کے ناجائز کاموں کے لئے دھمکی آمیز فون کالز میں ماہانہ دس لاکھ روپے کی ڈیمانڈ بلیک میلنگ ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جبکہ اس حوالے سے آئندہ مجرمانہ سرگرمیوں کے لئے جھوٹی خبروں سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی و دیگر افسران کی کردار کشی کے خاتمے کے لئے سائبر کرائم سیل سے رجوع کر لیاگیا ہے، بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیر اطلاعات سندھ، انفارمیشن ڈپارٹمنٹ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو مذکورہ اخبار کی خبروں کے تراشے ارسال کردیئے ہیں اس ضمن میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
