خاتون ٹک ٹاکر کا گھر میں گھس کر قتل۔۔

وفاقی دارالحکومت کے تھانہ سمبل کی حدود میں واقع سیکٹر جی-13/1 میں ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ اپر چترال سے تعلق رکھنے والی ثنا یوسف کو نامعلوم افراد نے ان کے گھر میں گھس کر نشانہ بنایا۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔ تھانہ سمبل پولیس نے لاش اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی ہے، جب کہ واقعے کی تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ثنا یوسف کو مبینہ طور پر ان کے کزن نے فائرنگ کر کے قتل کیا۔ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ان کے گھر مہمان موجود تھے، اور اسی دوران ملزم نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ثنا یوسف کو دو گولیاں لگیں اور وہ شدید زخمی ہو گئیں۔زخمی حالت میں پہلے انہیں کے آر ایل ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم حالت نازک ہونے کی وجہ سے بعد ازاں شفا انٹرنیشنل ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔نجی ٹی وی 24 نیوز کے مطابق ثنا یوسف میڈیکل کے پہلے سال کی طالبہ تھیں اور سوشل میڈیا پر کافی متحرک تھیں۔ واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کر لیے۔ پوسٹ مارٹم پمز ہسپتال میں جاری ہے، جس کے مکمل ہونے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کی جائے گی۔پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کے ابتدائی بیانات قلمبند کر لیے گئے ہیں، اور واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے۔ٹک ٹاکر ثنا یوسف نے اپنے قتل سے کچھ دیر پہلے ٹک ٹاک پر اپنی سالگرہ کی ویڈیو پوسٹ کی تھی۔  ویڈیو میں ثنا یوسف کو دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اپنی سہیلیوں کے ساتھ سالگرہ کا کیک کاٹ رہی ہیں۔سوشل میڈیا پر دعے کیے جا رہے ہیں کہ یہ ان کی 17 ویں سالگرہ تھی، لیکن اس حوالے سے تصدیق نہیں ہوسکی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں