پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی طرف سے نوجوان صحافی عقیدت چشتی سے انٹرویو کے دوران محض سوال کی بنا پر غم و غصہ کرنے ،انہیں حراساں کرنے اور سوچ نیوز کی پوری ٹیم کو یرغمال بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے فیڈرل کمیشن فار پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز سے اس واقعہ کی تحقیات کرنے اور اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف ،جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ،سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی ، نائب صدر ندیم زعیم ،جوائنٹ سیکرٹری مدثر حسین تتلہ ،شیر علی خالطی ، خزانچی نسیم قریشی اور ایگزیکٹو کونسل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صحافی کا بنیادی کام ہے کہ وہ سوال کرئے اور اپنے سوالات کے ذریعے عوام کے سامنے تمام حقائق لائے مگر سوچ نیوز جو کہ ایک ڈیجیٹل میڈیا آرگنائزیشن ہے اس کی رپورٹر عقیدت چشتی نے جب لاہور میں پارکنگ پلازے کی تعمیر اور ناصر باغ میں درختوں کی کٹائی کے حوالے سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ سے اس ایشو پر انٹرویو کیا تو وہ محض ایک سوال پر شدید غم و غصہ میں نہ صرف آئے بلکہ عقیدت چشتی اور ان کی ٹیم کو ڈرایا دھمکایا اور فوری طور پر انٹرویو کی ریکارڈنگ بند کرنے کا کہا جبکہ انہیں یرغمال بناتے ہوئے باہر جانے سے بھی روکا۔پی یوجے کے صدر نعیم حنیف نے کہا کہ اظہر صدیق ایک سینئر قانون دان ہیں اور انہیں صحافیوں کے حق سوال اور آزادی صحافت کی اہمیت کا بھی بخوبی اندازہ ہے مگر انہوں نے ایک سوال پر ہی سیخ پا ہو کر نوجوان صحافی عقیدت چشتی کو حراساں کرنا شروع کردیا جو قابل مذمت ہے ۔ پی یو جے کے صدر نعیم حنیف نے کہا کہ اس واقعہ پر وکلاء تنظمیوں سمیت انسانی حقوق کمیشن اور سول سوسائٹی کو نہ صرف نوٹس لینا چاہیے بلکہ فیڈرل کمیشن فار پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز کے چیئرمین کمال الدین ٹیپو بھی نوٹس لیں ۔ پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے کہا کہ صحافت اور صحافیوں کی آزادی کا تحفظ کیے بغیر ہم اپنی سول سوسائٹی کو مضبوط اور توانا نہیں بنا سکتے ۔ اگر ہم چاہتے ہیں میڈیا ہمارے معاشرے کی آواز بنے تو ہمیں اپنے رویوں میں آزادی صحافت کے تحفظ کے لئے سپیس پیدا کرنا ہوگی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ اس واقعہ پر از خود نوجوان صحافی عقیدت چشتی سے رابط کریں اور اپنے رویہ پر کم از کم اس بات کا اظہار کریں کہ ان کا یہ رویہ غیر مناسب تھا ۔ان کے اس عمل سے صحافیوں اور سول سوسائٹی میں احترام کا رشتہ بھی مضبوط ہوگا ۔
