پاکستان میڈیا کونسل (کراچی چیپٹر) کے صدر میاں خرم شہزاد اور سیکریٹری جنرل ساجد احمد نے روزنامہ پروان کے رپورٹر عامر سواتی کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹی اور من گھڑت ایف آئی آر درج کر کے گرفتاری کے واقعے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے خلاف جھوٹے مقدمات کا اندراج، ہراساں کرنا اور انتقامی کارروائیاں دراصل آزادیٔ صحافت پر کھلا حملہ ہے، جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عامر سواتی کی گرفتاری نے صحافتی برادری میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ہے اور اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ میاں خرم شہزاد نے کہا کہ پولیس گردی اور اختیارات کا ناجائز استعمال ناقابل قبول ہے۔ صحافیوں کو دبانے کی ہر کوشش کا بھرپور اور منظم انداز میں جواب دیا جائے گا اور اس حوالے سے احتجاجی لائحہ عمل بھی مرتب کیا جا رہا ہے۔ ساجد احمد نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آواز ہوتے ہیں، انہیں جھوٹے مقدمات میں پھنسانا انتہائی قابل مذمت عمل ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عامر سواتی کے خلاف درج مقدمہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے، صحافیوں کے خلاف کسی بھی شخص کی درخواست پر بغیر تفتیش و تصدیق اور شفاف تحقیقات کے مقدمات درج کرنے کا سلسلہ فوری بند ہونا چاہیے۔ پاکستان میڈیا کونسل کے عہدیداران نے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، جھوٹے مقدمات کے اندراج کا سلسلہ بند کیا جائے اور عامر سواتی کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔
جھوٹے مقدمے میں ایک اور رپورٹر کی گرفتاری۔۔
Facebook Comments
