پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے روزنامہ جنگ راولپنڈی سے 80 میڈیا ورکرز کی برطرفی کے فیصلے کو “ظالمانہ اور غیر انسانی” قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا ہے۔ یونین نے اس اقدام کو “معاشی قتل عام” قرار دیتے ہوئے سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔پی ایف یو جے کے قائم مقام صدر خالد کھوکھر اور سیکریٹری جنرل ارشد انصاری نے مشترکہ بیان میں کہا: “جنگ انتظامیہ کا یہ اقدام بنیادی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ آئی ٹی این ای کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے 80 ملازمین کو مستقل کرنے کی بجائے انہیں برطرف کر دیا گیا، جو سراسر ناانصافی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ “میڈیا ہاؤسز اربوں روپے کے اشتہارات تو لیتے ہیں مگر ملازمین کو برطرف کر کے، اور ان کی تنخواہیں روک کر بدترین استحصال کر رہے ہیں۔ اپریل کی تنخواہیں اب تک ادا نہیں کی گئیں، اور بغیر کسی جواز کے درجنوں ملازمین کو نکال دینا انتہائی بے حسی کا مظہر ہے۔پی ایف یو جے نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ کے اس آمرانہ رویے کا سخت نوٹس لیا جائے، اور خبردار کیا کہ اگر برطرف ملازمین کو بحال نہ کیا گیا تو ملک گیر احتجاج شروع کیا جائے گا۔تنظیم نے برطرف کارکنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور پی ایف یو جے کی قیادت سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں جنگ دفاتر کے سامنے مظاہروں کا شیڈول جاری کیا جائے۔ہم یہ ظلم برداشت نہیں کریں گے۔ پی ایف یو جے اپنے ممبران کے حقوق کے لیے ہر حد تک جائے گی اور برطرف ملازمین کو انصاف دلانے کی بھرپور جدوجہد کرے گی۔”