پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی ایگزیکٹو کونسل نے جنگ و جیو گروپ کی جانب سے 100 سے زائد صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو جبری برطرف کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی غیر انسانی، غیر اخلاقی اور غیر قانونی اقدام قرار دیا ہے، پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی ایگزیکٹو کونسل کا ہنگامی اجلاس پی یو جے سیکرٹریٹ دیال سنگھ مینشن میں ہوا ۔ صدر میاں شاہد ندیم کی زیر قیادت ایگزیکٹو کونسل نے میر شکیل الرحمن کو صحافیوں کا معاشی قاتل قرار دیتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ میر شکیل کے اخبارات اور چینلز پر قومی خزانہ لٹانے کا سلسلہ فوری بند کرتے ہوئے اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ صدر میاں شاہد ندیم نے میر شکیل الرحمن کی کارکن دشمنی کے بدترین رویئے کی شدید مذمت کرتے ہوئےکہا کہ ایسے وقت میں جب عید کو چند روز باقی ہیں سو سے زائد کارکنوں کو نوکریوں سے جبری برطرف کرکے سفاکیت کی حدیں پار کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق و صوبائی حکومتوں کو چاہیئے کہاس کا فوری نوٹس لیں اور برطرف کئے جانے والے کارکنوں کی فوری بحالی یقینی بنائیں اور جب تک ہمارے برطرف کئے گئے ساتھی اور کارکن بحال نہیں ہوتے اس وقت تک جنگ اور جیو گروپ کو سرکاری اشتہارات اور ان کی ادائیگیاں بند کی جائیں۔ اگر اس پر عمل نہ ہوا تو ہم میر شکیل الرحمن کے گھر کے ساتھ ساتھ حکومتی دفاتر کا بھی گھیراؤ کریں گے۔ جنرل سیکرٹری قاضی طارق عزیز نے کہا کہ میر شکیل الرحمن نے ظلم اور جبر کی نئی داستان رقم کی ہے۔ صحافیوں کے حقوق کی علمبردار پنجاب یونین آف جرنلسٹس خاموش نہیں بیٹھے گی اور استحصالی نظام کیخلاف بھر پور مہم چلائی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہم میر شکیل الرحمن کو کارکنوں کی معاشی گردن دبا کر اپنے اثاثے اور کاروبار بڑھانے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔ اگر کارکنوں پر روزگار کا سلسلہ تنگ کیا جائے گا تو پھر ہم مالکان کی معاشی شہ رگ پر بھی ہاتھ ڈالیں گے اور حکومت کو بھی مجبور کریں گے کہ وہ میر شکیل کے اثاثے اور کاروبار منجمد کرے۔

جنگ و جیوکوسرکاری اشتہارات اور ادائیگیاں بند کی جائیں، پی یوجے۔۔
Facebook Comments