جنگ میں برطرفیاں، پی ایف یوجے کا  ہنگامی اجلاس طلب۔۔

پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے روزنامہ آواز کی بندش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جنگ گروپ کے مالکان نے ہمیشہ کا رکن دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ بظاہر ملک کا سب سے بڑا میڈیا گروپ ہونے کا دعوٹی رکھنے والا ادارہ اپنے ورکرز کے لیے ہمیشہ ظالمانہ فیصلے کرتا آیا ہے۔ اس سے پہلے جنگ گروپ انتظامیہ کی طرف سے روزنامہ وقت ، روزنامہ عوام اور روزنامہ انقلاب کی بندش بھی اسی طرح بلا نوٹس کی گئی۔ ان اداروں سے غیر قانونی طور پر برطرف کئے گئے کارکن آج بھی اپنے واجبات سے محروم ہیں۔ روزنامہ آواز جس کے بارے میں دعوی کیا جاتا تھا کہ یہ لاہور میں سب سے زیادہ شائع ہونے والا اخبار ہے، اسے بھی بیک جنبش ابرو بند کر دیا گیا۔ وہ کارکن جن کی زندگی کے دسیوں سال کے شب و روز اس ادارے کی تعمیر میں خرچ ہوئے ،آج انہیں سیٹھ مافیا نے سڑک پر لا کھڑا کیا ہے۔ پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر میاں شاہد ندیم کی زیر صدارت ایگزیکٹو کونسل کے ہنگامی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پی یو جے ان تمام عناصر کا گھیراؤ کرے گی جو کارکنوں کا استحصال کرنے میں ملوث ہیں۔ میاں شاہد ندیم نے کہا کہ میر شکیل الرحمن ہوں ، سرمد علی ہوں یا پھر اس فیصلے کی تائید کرنے والے ادارے میں بیٹھے اس مافیا کے بغل بچے ۔ ہم ان کا گھیراؤ ہر سطح پر کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم مرکزی اور صوبائی حکومتوں سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ جنگ گروپ کے اشتہارات اور واجبات فوری طور پر روکے جائیں۔ جنرل سیکرٹری قاضی طارق عزیز نے کہا کہ میر شکیل الرحمن کے اکاؤنٹس اور اثاثے تب تک منجمد رکھے جائیں ، جب تک وہ اس کے مظالم کا شکار ہونے والے تمام کارکنوں کی ایک ایک پائی اور ہر جانہ ادا نہیں کرتا۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ سیٹھ مافیا تو اپنے لئے تمام تر آسائشیں سمیٹ کر ایک طرف ہو جائے اور کارکن اپنی زندگی کے قیمتی ماہ و سال ادارے کی آبیاری کی نذر کر کے در بدر ہو جائیں۔ یہ ظلم ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں  پی یوجے کی میز بانی میں پی ایف یو جے کا ہنگامی اجلاس دیال سنگھ مینشن لاہور میں صدر پی ایف یو جے رانا محمد عظیم کی صدارت میں ہوگا جس میں احتجاج کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں