جماعت اسلامی ہزارہ ریجن کے امیر عبدالرزاق عباسی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ہزارہ صوبے سمیت پورے پاکستان میں انتظامی بنیادوں پر علیحدہ صوبوں کا مطالبہ کرتی ہے ،ہزارہ صوبہ کے قیام کے لئے 8 لوگوں نے اپنے جان کی قربانی دی،سیکڑوں لوگ زخمی ہوئے ،ہم تعصبات سے بالا تر ہو کر علیحدہ صوبہ کا مطالبہ کرتے ہیں،ہزارہ وسائل کے لحاظ سے کراچی کے بعد سب سے زیادہ وسائل رکھنے والا علاقہ ہے، جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام چاہتی ہے جہاں شفافیت، میرٹ اور انصاف کو یقینی بنایا جائے اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے ذریعے ہر شہری کو باعزت زندگی گزارنے کا حق ملے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرپریس کلب کے سیکرٹری اسلم خان، کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر نصراللہ چوہدری، جوائنٹ سیکرٹری عبدالرحمن،سیکرٹری اطلاعات اظفروقاص عباسی، پریس کلب کے سابق صدر احمد خان ملک، سابق سیکرٹری عامر لطیف، سابق خازن احتشام سعید قریشی، سابق جوائنٹ سیکرٹری ثاقب صغیر، سینئر صحافی احمد حسین ،ابرار بختیار، احتشام مفتی،امجد ارشاد،قاضی یاسر،نعمان اعوان، آصف تنولی سمیت پریس کلب کے ممبران اور صحافیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔عبدالرزاق عباسی نے کہا کہ ملک میں بڑھتے ہوئے انتظامی ،معاشی اور عوامی مسائل کا واحد حل نئے انتظامی یونٹس کا قیام ہے تاکہ ہر خطے کے وسائل وہیں کے عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوسکیں،جب تک وسائل پر مقامی عوام کا حق تسلیم نہیں کیا جاتا،ترقی محض نعروں تک محدود رہے گی۔انہوں نے کہاکہ ہزارہ ریجن سمیت ملک کے پسماندہ علاقوں کو درپیش بنیادی مسائل کی بڑی وجہ اختیارات اور وسائل کا چند مراکز تک محدود ہونا ہے، ہزارہ ریجن قدرتی وسائل، سیاحت اور افرادی قوت سے مالا مال ہونے کے باوجود صحت، تعلیم، روزگار اور انفرااسٹرکچر کی سہولیات سے محروم ہے، جس کا واحد حل نئے انتظامی یونٹس کا قیام اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ہے۔جب تک ہر خطے کے وسائل وہیں کے عوام پر خرچ نہیں کیے جاتے، ملک میں پائیدار ترقی ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہزارہ ریجن میں نوجوان بے روزگاری، مہنگائی اور سہولیات کی کمی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ مقامی آبادی کو اپنے ہی وسائل سے فائدہ نہیں پہنچ رہا۔پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، مگر بدقسمتی سے یہ وسائل عوام کی بجائے مخصوص طبقوں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ نئے یونٹس کے قیام سے نہ صرف انتظامی مسائل میں کمی آئے گی بلکہ پسماندہ علاقوں کو بھی ترقی کے یکساں مواقع میسر آئیں گے۔عبدالرزاق عباسی نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کے بیانیے کے مطابق نظام بدلو تحریک کے تحت جدوجہد کر رہی ہے، جس کا مقصد فرسودہ، استحصالی نظام کا خاتمہ اور ایک ایسا منصفانہ نظام قائم کرنا ہے جو عام آدمی کو اس کا حق دلائے۔موجودہ نظام اشرافیہ اور چند خاندانوں کے مفادات کا تحفظ کر رہا ہے، جبکہ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بدحالی کی چکی میں پس رہے ہیں۔انہوں نے صحافی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور مثبت تبدیلی میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کے سیکرٹری اسلم خان نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب ملک بھر کے صحافیوں اور سیاسی و سماجی رہنمائوں کے لیے مکالمے اور اظہارِ رائے کا ایک مضبوط پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کے مسائل کو اجاگر کرنا میڈیا کی بنیادی ذمہ داری ہے اور کراچی پریس کلب ہمیشہ عوامی حقوق اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ اسلم خان نے کہا کہ ملک میں مسائل کا حل صرف سنجیدہ مکالمے، شفاف نظام اور عوام دوست پالیسیوں سے ہی ممکن ہے۔
