jamaat e islami ka sahafi ke aghwa ki muzammat or bazyaabi ka mutaalba

جماعت اسلامی سندھ کا صحافی کے اغوا کی مذمت اور بازیابی کا مطالبہ

 جماعت اسلامی سندھ نے کاوش کے ٹی این میڈیا گروپ سے وابستہ ہنگورجا کےبہادر صحافی فیاض سولنگی کا ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا اور تاوان کیلئے تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری بازیابی اور سندھ کے صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی تا کشمور پورا صوبہ صحافیوں کیلئے جہنم بن چکا ہے ، ابھی صحافی جان محمد مہر، عزیز میمن، اجے لالوانی اور نصراللہ گڈانی کا خون خشک بھی نہیں ہوا تھا کہ خیرپور میرس سے ایک اور صحافی کے اغوا ہونے کی خبر آگئی ہے جس نے سندھ حکومت اور آئی جی کے امن و امان کے  تمام تر دعووں کو جھوٹا ثابت کردیا ہے۔ صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے جاری کردہ بیان میں مزید کہاکہ سندھ حکومت اور پولیس کے اعلیٰ افسران کی نااہلی و بے حسی ہے کہ وہ عام لوگوں کے علاوہ میڈیا جیسے اہم شعبے سے وابستہ افراد کو  بھی تحفظ دینے میں  ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ غریب صحافی فیض سولنگی کو اغوا کرنے والے ڈاکوؤں نے ایک کروڑ روپے تاوان طلب کیاہے وہ غریب آدمی ہے ایک کروڑ تو کیا، ایک لاکھ روپے دینے کی پوزیشن میں بھی نہیں، سندھ حکومت نے ایک طرف ڈاکو راج پر چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے تو دوسری طرف عوام اور قوم کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والے بہادر صحافیوں کا قتل عام اور ان کو اغوا کیا جا رہا ہے جو سب ٹھیک ہے کے دعویدار سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے منہ پر زوردار طمانچہ ہے۔صحافیوں کو قتل، تشدد اور اغوا کرنے کا مقصد میڈیا کی آواز کو دبانا اور ملک کے اندر خوف کی حکمرانی قائم کرنا ہے تاکہ حکمرانوں کی من مرضی اور عوام دشمن فیصلوں کیخلاف کوئی بولنے کی جرت بھی نہ کرسکے۔ صحافیوں کے خلاف مسلسل ہونے والے واقعات افسوسناک ہیں اور سندھ حکومت اور پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ ہم صحافی فیاض سولنگی کےاغوا اور ان پر  بدترین تشدد کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ایس ایس پی خیرپور اور سندھ حکومت سے فوری طور پر ان کی بازیابی  کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اگر فیاض سولنگی کو آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر بازیاب نہیں کیا گیا تو ہم صحافی تنظیموں کے ساتھ مل کر سخت احتجاج کریں گے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں