جرنلٹس پروٹیکشن کمیشن کا قیام آخری مراحل میں داخل۔۔

وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ جرنلٹس پروٹیکشن کمیشن کے قیام کا عمل آخری مراحل میں ہے، صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنایاجائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایف یوجے، آر آئی یوجے اور نیشنل پریس کلب کے وفد سے ملاقات میں کیا۔۔وفد میں پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، سابق سیکرٹری جنرل مظہر عباس، سابق صدر شہزادہ ذوالفقار ،سیکریٹری نیشنل پریس کلب نیئر علی اور آر آئی یو جے کے جنرل سیکریٹری آصف بشیر چودھری شامل تھے۔ملاقات میں جرنلسٹس پروٹیکشن کمیشن کے قیام سمیت صحافیوں کی غیر قانونی برطوفیوں سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیاگیا۔۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے میڈیا ہائوسز سے صحافیوں کی برطرفی پر تشویش کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ۔۔میڈیا مالکان کے ساتھ اس ایجنڈے کو باقاعدہ طور پر اٹھایا جائے گا،حکومت نے میڈیا ہائوسز کو تاریخی واجبات ادا کئے ہیں اس کے باوجود ملازمین کی برطرفیاں قابل تشویش ہیں، صحافیوں کے لئے ہیلتھ انشورنس کے نظام کو مزید موثر اور وسیع کیا جائے گا، حکومت آزادی صحافت اور صحافیوں کے معاشی تحفظ کے لئے عملی اقدامات جاری رکھے گی، ان کا کہنا تھا کہ نیشنل پریس کلب پر حملے کے حوالے سے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کروائیں گے۔ صحافی برادری کے مسائل حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وفد نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر وفاقی وزیر اطلاعات کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں  ایڈیشنل سیکرٹری وزارت اطلاعات اشفاق خلیل، اور پرنسپل  انفارمیشن افیسر مبشر حسن بھی موجود تھے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں