تنخواہوں کی عدم فراہمی پر میڈیا ہاؤسز کو پیمرا کے نوٹسز جاری۔۔۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے وفد نے نائب صدر عاصم بھٹی کی سربراہی میں اسلام آباد میں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے ڈی جی اور چیئرمین پیمرا کے پی ایس او تمثیل حیدر سے اہم ملاقات کی۔ وفد میں راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس  دستور کے صدر  رانا کوثر، جنرل سیکریٹری اویس لطیف اور بول متاثرین ایکشن کمیٹی کے کنوینئر عبید شاہ بھی شامل تھے۔ملاقات میں ملک بھر کے صحافیوں، بالخصوص ایک نیوز کے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی، میڈیا ورکرز کی معاشی بدحالی اور چینلز مالکان کے استحصالی رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔وفد کے سربراہ عاصم بھٹی نے ایک نیوز سمیت مختلف میڈیا اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کو درپیش مالی بحران پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ صورت حال صحافیوں کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے۔ڈی جی پیمرا نے وفد کو بتایا کہ انہیں بھی مختلف اسٹیشنز سے تنخواہوں کی عدم فراہمی سے متعلق شکایات موصول ہوئی ہیں، جن پر اداروں کو نوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پیمرا “ایک نیوز”، “آج ٹی وی” اور “نیوز ون” سمیت دیگر اداروں کو بھی نوٹسز جاری کرتے ہوئے ہر ممکن قانونی کارروائی عمل میں لائے گا۔ آر آئی یوجے دستور کے صدر  رانا کوثر نے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے معاشی قتل عام پر پیمرا کو چینلز مالکان کے خلاف سخت اور موثر اقدامات کرنے ہوں گے۔بول ایکشن کمیٹی کے کنوینئر عبید شاہ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بول متاثرین کے حق میں فیصلہ آئے ہوئے ایک سال گزر چکا ہے، لیکن اب تک پیمرا کی جانب سے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ اس پر پیمرا حکام نے بول متاثرین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں