پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے ڈان نیوز سے ڈی ایس این جی آپریشن بند کرنے اور ڈی ایس این جی آپریٹرز کو نوکری سے برخاست کیے جانے پر شدید اظہار مذمت کرتے ہوئے اسے ایک کم تنخواہ والے ملازمین کا معاشی قتل قرار دیا ہے ۔ پی یوجے کی قیادت نے ڈان نیوز کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ جہاں اپنے سرکاری اشتہارات کی بندش پر میڈیا ورکرز اور تنظمیوں کو بطور ڈھال اور ہتھار استعمال کرتے ہیں وہیں وہ اپنے سٹاف اور خصوصاً کم تنخواہ والے ملازمین سے حسن سلوک بھی کیا کریں اور ان کی نوکریوں کا تحفظ کریں ۔ مگر افسوس اس معاملہ میں میڈیا مالکان بے رحم ہیں اور شرم مگر ان کو نہیں آتی ۔پی یوجے کے صدر نعیم حنیف ،جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ،سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی ،نائب صدر ندیم زعیم ، جوائنٹ سیکرٹری مدثر حسین تتلہ ،شیر علی خالطی ، خزانچی نسیم قریشی اور ایگزیکٹو کونسل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگر ڈان نیوز کی انتظامیہ نے ڈی ایس این جی آپریٹرز کو بحال نہ کیا تو اس کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف اور جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے سبکدوش ملازم مجید کی ڈان نیوز کے دفتر سے الوداعی ملاقات کے آنسوؤں سے جذباتی مناظر اور اس کی وائرل فوٹیج کے حوالے سے کہا اپنی نوکری سے فراغت کے پروانے کی وصولی کے موقع پر ساتھیوں سے دفتر میں ہونے والے الوداعی ملاقات کسی بھی ظالم شخص کا دل پسیج دینے کے لئے کافی ہے مگر افسوس ان ظالم میڈیا مالکان کے پاس نرم دل نہیں بلکہ ان کے اندر سخت گیر اور جابر اجیر چھپا ہوا ہے۔ پی یوجے کی ایگزیکٹو کونسل نے کہا کہ مجید جیسا ورکر جس نے بیس سال سے زائد عرصہ ایک ہی ادارے میں گزارا مگر ایچ آر نے ان خدمات کو یکسر نظر انداز کیا اور ان کا معاشی قتل کیا۔ انہوں نے اس حوالے سے کمیشن فار دی پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز سے بھی نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ایگزیکٹو کونسل نے ڈان میڈیا گروپ میں ملازمین کو حاصل پیٹرول کی سہولت بحال کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔
بے شرم میڈیا مالکان بے رحم بھی ہیں، پی یوجے۔۔
Facebook Comments
