بیوی سے ضدمیں ڈرامہ لکھا، شاہزیب خانزادہ۔۔

معروف ٹی وی میزبان اور ڈراما لکھاری شاہزیب خانزادہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی اہلیہ اداکارہ رشنا خان سے ضد میں آکر ڈراما لکھا اور سب سے پہلے انہوں نے بیوی، والدہ اور بہنوں کو ہی ڈرامے کی کہانی پڑھائی۔شاہزیب خانزادہ نے حال ہی میں ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بتایا کہ ان کا آبائی تعلق سندھ کے چھوٹے سے قصبے سے ہے اور وہ وہاں کے سرکاری اسکول میں پڑھے، خوش قسمتی سے یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے کراچی آئے، جس کے بعد انہوں نے میڈیا میں کام کا آغاز کیا۔ان کے مطابق ان کے خاندان کا تعلق متوسط طبقے سے ہے، وہ 6 بہن اور بھائی ہیں، جس میں سے چار بہنیں ہیں، باقی تمام بہن اور بھائی تعلیم میں ان سے زیادہ ہوشیار تھے لیکن ہمیشہ وہی اچھے نمبرز سے پاس ہوتے تھے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ معروف میزبان کامران خان کی جگہ ’جیو نیوز‘ پر پروگرام کرنا ان کا خواب تھا، ان سمیت دیگر کئی اینکرز بھی یہی خواب دیکھتے تھے، جب انہیں پیش کش ہوئی تو انہوں نے کچھ سوچے بغیر ہی پروگرام جوائن کرلیا۔شاہزیب خانزادہ کا کہنا تھا کہ 2014 میں جیو نیوز پر پابندیاں تھیں، چینل بند رہتا تھا لیکن پھر آہستہ آہستہ معاملات بہتر ہوئے، لوگ ان کا نام، ان کی آواز، میوزک اور پروگرام دیکھنے لگے، ان کا خواب پورا ہوا۔اپنے پہلے ڈرامے ’کیس نمبر 9‘ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ڈرامے کی کہانی حقیقی نہیں ہے لیکن اس طرح کے واقعات پورے ملک میں آئے روز ہوتے رہتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ انہیں احساس تھا کہ سماج میں لوگوں کے ذہنوں میں تبدیلی لانے کے لیے ڈرامے کا کردار اہم ہوتا ہے، اس لیے بھی انہوں نے ڈراما لکھا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اہلیہ اداکارہ رشنا خان سے ضد میں آکر ڈراما لکھا اور اب ان کی اہلیہ بھی ڈرامے کا حصہ ہیں۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں