اداکارہ مریم نور نے کہا ہے کہ شوبز اور میڈیا انڈسٹری میں مطلب کی دوستیاں ہوتی ہیں، جیسے ہی کسی کو شہرت اور زیادہ بڑے پروجیکٹ ملنا شروع ہوتے ہیں، وہ دوسروں سے تعلق توڑ دیتا ہے۔مریم نور نے حال ہی میں ’ایف ایچ ایم‘ پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔پروگرام کے دوران اداکارہ نے بتایا کہ انہیں کوئی بھائی نہیں، وہ صرف بہنیں ہیں لیکن انہیں کبھی بھائی کی کمی محسوس نہیں ہوئی۔اداکارہ کے مطابق جو شادی شدہ جوڑے بیٹے کی خواہش میں بار بار بچے پیدا کرتے ہیں اور ان کے ہاں پھر بھی بیٹا نہیں ہوتا تو اس میں ان کی کوئی غلطی نہیں۔ایک سوال کے جواب میں مریم نور نے بتایا کہ لڑکوں کے مقابلے لڑکیوں پر شادی کا زیادہ دباؤ رہتا ہے، 23 سال کی عمر کے بعد دباؤ مزید بڑھ جاتا ہے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر والدین کو پتا چل جائے کہ ان کی بیٹی کا کسی لڑکے سے تعلق ہے، وہ وہ کسی سے بات کرتی ہے تو پھر قیامت آجاتی ہے، جلدی سے اس کی شادی کرادی جاتی ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ شک ہونے پر میاں اور بیوی کو ایک دوسرے کے موبائل فونز چیک کرنے چاہیے، اس میں کوئی برائی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی شوہر کا موبائل چیک نہیں کیا لیکن اگر کبھی وہ چیک بھی کریں گی تو وہ ان کی دوستوں، والدین اور اہل خانہ کے ساتھ ہونے والی بات چیت کو نہیں دیکھیں گی۔مریم نور کا کہنا تھا کہ شوہر کی جانب سے ان کا فون چیک کرنے پر انہیں برا نہیں لگے گا، ان کے فون میں ایسا کچھ بھی نہیں اور نہ ہی انہوں نے کبھی کوئی بات خفیہ رکھی ہے۔