بھارت میں پاکستانی یوٹیوب چینلز اور فنکاروں پر عائد کی گئی پابندی اچانک ختم کردی گئی ہے، جس کے بعد بھارتی ناظرین کی ایک بار پھر پاکستانی مواد تک رسائی ممکن ہوگئی۔ بھارتی حکومت کے اس غیر متوقع اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی کی ایک نئی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے پاکستانی یوٹیوبرز، اداکاروں اور فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی عائد کردی تھی، جس کے بعد فواد خان، ہانیہ عامر، احد رضا میر اور دیگر نامور شخصیات کے اکاؤنٹس بھارتی صارفین کے لیے بند ہو گئے تھے۔ اس دوران پاکستانی فلموں اور ڈراموں کی بھارت میں ریلیز پر بھی غیر اعلانیہ پابندی نافذ رہی۔تاہم اب حکومت نے بغیر کسی سرکاری اعلان کے یہ پابندیاں ختم کرتے ہوئے یوٹیوب چینلز اور بعض فنکاروں کے اکاؤنٹس بحال کر دیے ہیں۔بھارتی حکومت نے صبا قمر، ماورا حسین، دنانیر مبین، احد رضا میر، یمنیٰ زیدی، دانش تیمور، ماہرہ خان، ہانیہ عامر، فواد خان اور عاطف اسلم سمیت دیگر شخصیات کے اکاؤنٹس بلاک کردیے تھے۔لیکن اب دو ماہ بعد بھارتی حکومت نے متعدد شوبز شخصیات کے اکاؤنٹس بحال کردیے، تاہم اب بھی متعدد پاکستانی شوبز شخصیات کے اکاؤنٹس بھارت میں بلاک ہیں۔شوبز ویب سائٹ ’فلم فیئر‘ کے مطابق بھارتی حکومت نے ماورا حسین، دنانیر مبین، احد رضا میر، یمنیٰ زیدی اور دانش تیمور سمیت دیگر اداکاروں کے اکاؤنٹس بحال کردیے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ متعدد پاکستانی شوبز شخصیات کے انسٹاگرام اکاؤنٹس کو اب ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کے بغیر ہی دیکھا جا سکتا ہے۔ویب سائٹ کے مطابق اگرچہ بھارت میں متعدد پاکستانی شوبز شخصیات کے اکاؤنٹس بحال کردیے گئے، تاہم اس باوجود ماہرہ خان، فواد خان، ہانیہ عامر اور عاطف اسلم جیسی شخصیات کے اکاؤنٹس سے پابندی نہیں ہٹائی گئی۔علاوہ ازیں بھارتی حکومت نے جیو ٹی وی، ہم ٹی وی اور اے آر وائے ڈیجیٹل کے انٹرٹینمنٹ یوٹیوب چینلز سے بھی پابندی ہٹادی، اب مذکورہ چینلز کو بھی وی پی این کے بغیر بھارت میں دیکھا جا سکتا ہے۔خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بھارت میں ترتیب وار دیگر پاکستانی شخصیات کے اکاؤنٹس بھی بحال کردیے جائیں گے۔ اس اقدام کو بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے خوش آئند قرار دیا ہے۔بھارتی مداحوں نے سوشل میڈیا پر پاکستانی فنکاروں کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے لکھا، ’’پہلا قدم دلجیت دوسانجھ نے اٹھایا، اب سب اس راہ پر چل رہے ہیں۔‘‘ ایک اور تبصرہ آیا، ’’پابندی کا خاتمہ اچھا فیصلہ ہے، مگر پاکستانی انڈسٹری کو مزید معیاری مواد پر کام کرنا ہوگا۔فلم صنم تیری قسم سے ہندوستان میں دل جیتنے والی ماورا حسین کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی واپسی پر اُن کے مداحوں کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔ایک صارف نے لکھا کہ آخرکار ماورا ہندوستان واپس آ گئیں۔ جبکہ دوسرے نے کہا کہ سرُو، ہم نے تمہیں بہت مس کیا۔جن پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک رسائی بھارتی صارفین کے لیے بحال ہوئی ہے ان میں دانش تیمور، احد رضا میر، ماورا حسین اور یمنیٰ زیدی شامل ہیں۔دوسری جانب، ماہرہ خان، فواد خان، وہاج علی، اقرا عزیز، ہانیہ عامر اور فرحان سعید کے اکاؤنٹس بدستور بند ہیں، جس پر کئی بھارتی صارفین نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
